سنگین الزام پر مبنی عمران خان کے خلاف نیا مقدمہ درج

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ شیئر ہونے کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور ریاستی اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ نمبر 1138/24 مورخہ 13 ستمبر 2024 کو درج کیا گیا۔ایف آئی اے سائبر کرائم کی 4 رکنی تفتیشی ٹیم ہفتے کی صبح دوبارہ تفتیش کیلئے اڈیالہ جیل جائے گی، تفتیشی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے بغاوت کے پیغامات اور انہیں آگے پھیلانے میں ملوث ساتھیوں سے متعلق پوچھ گچھ کرے گی۔

اس سے قبل بانی پی ٹی آئی سے تحقیقات کےلیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی، جہاں عمران خان نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے سے پیش ہونے سے انکار کردیا تھا۔جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی تحقیقاتی ٹیم کو جواب دیا کہ وکلاء کی موجودگی میں تفتیش میں شامل ہوں گا۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات چل رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی سالمیت کے خلاف سوشل میڈیا پر مواد لگایا۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت صحافیوں سے متعلق گفتگو پر غیر مشروط معافی مانگے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close