9مئی کے منصوبہ سازوں کیساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوگی، آرمی چیف کا دوٹوک اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)چیف آف آرمی سٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی کوئی ڈیل ہو سکتی ہے، دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ ، جعلی خبریں اور پروپیگنڈا کر رہے ہیں، دشمن جھوٹی خبروں سے ڈیجیٹل ٹیرارزم کر رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سانحہ 9 مئی کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جس کے دوران یادگار شہداء پر پھول رکھے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ جنرل عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب بھی کیا۔آرمی چیف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ افسران اور جوانوں کو قوم کیلئے خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہتے ہیں۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ ، جعلی خبریں اور پروپیگنڈا کر رہے ہیں، دشمن جھوٹی خبروں سے ڈیجیٹل ٹیرارزم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن مسلح افواج اورعوام میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم، قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو ترجیح دیتا ہے جبکہ پاک فوج روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں