اسلام آباد ہائیکورٹ، وزیراعظم شہباز شریف کو نوٹس جاری

اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی شعیب کھوسو کی برطرفی کے خلاف درخواست پر وزیرِ اعظم کو نوٹس جاری کر دیا۔جسٹس بابرستار نے ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کی برطرفی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ کو نوٹس جاری کر دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری نوٹس جاری کیا گیا ہے۔سماعت کے آغاز میں شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ڈی جی اسپورٹس کو غیرقانونی احکامات نہ ماننے کی پاداش میں ہٹایا گیا، عہدے سے ایسے ہٹایا جائے گا تو کوئی بھی آزادانہ کام نہیں کرے گا۔وکیل نے کہا کہ ایک جونیئر افسر شاہد اسلام کو پی ایس بی کا ڈی جی لگا دیا گیا ہے،

شاہد اسلام نے وفاقی سیکریٹری کی ہدایت پر متعدد افسران کا وزارت ٹرانسفر کیا، سیکریٹری آئی پی سی کے غیر قانونی احکامات کے خلاف ہائی کورٹ نے حکم امتناع جاری کیا، ہائی کورٹ میں معاملہ لے جانے پر سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ نالاں تھے، شعیب کھوسہ کو بھی غیر قانونی احکامات نہ ماننے پر عہدے سے ہٹایا گیا۔جسٹس بابر ستار نے سوال کیا کہ ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کی تعیناتی کا طریقہ کار کیا ہے؟ وکیل شعیب شاہین نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ آرڈیننس 1962میں تعیناتی کا طریقہ کار واضح ہے، ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کی تعیناتی کی منظوری وزیرِ اعظم دیتے ہیں۔جسٹس بابر ستار نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 30اپریل تک ملتوی کر دی۔۔۔۔۔

close