آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے مستحکم پالیسی پر عملدرآمد ناگزیر قرار دے دیا

واشنگٹن(پی این آئی) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے آنے والے مہینوں میں مستحکم پالیسی پر عملدرآمد ناگزیر قرار دیا ہے۔ جیو  نیوز کے مطابق واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی ترجمان جولی کوزیک نے کہا کہ پاکستان کے لیے نیا پروگرام معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکام کی فوری کوششوں کو سہارا دے گا لیکن آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ پاکستان مستحکم پالیسی پرعملدرآمد کرے کیونکہ مستحکم پالیسی پر عملدرآمد اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کے لوگوں کی مدد اور حمایت کے لیے اہم ہوگا، پاکستان کو مختلف قسم کے چیلنجوں کا سامنا ہے، پاکستان کو مسلسل اصلاحات کی ضرورت ہوگی، یہ پروگرام پاکستان کی ملکی بیرونی اقتصادی صورتحال مضبوط بنانے کے لیے اہم کردارادا کرے گا۔آئی ایم ایف ترجمان نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے، عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز فراہم کر دیے گئے ہیں جب کہ باقی رقم نومبر اور فروری میں 2 جائزوں کے بعد فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسٹرکچرل چیلنجز کو حل کرنے کے لیے ان اصلاحات پر عملدرآمد جاری رکھنا ہوگا جو معاشی تبدیلیوں، معاشی نشوونما کو مضبوط بنانے اور نجی سرمائے کے نئے بہاؤ کا ماحول تیار کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

close