ملک چلانے والے کو دنیا یاد رکھتی ہے، جلانے والے کو نہیں، مریم نواز نے نیا نعرہ دے دیا

لاہور (آئی این پی)مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک چلانے والے کو دنیا یاد رکھتی ہے، جلانے والے کو نہیں، ن لیگ کی ساری قیادت کو بھی جیلوں میں ڈالا گیا تھا مگر کسی نے نواز شریف کو نہیں چھوڑا،گیدڑ کو دیکھو خود پرمشکل وقت آیا تو امریکا کے پائوں پکڑ لیے،نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دو تو ملک میں صرف کھنڈرات بچتے ہیں، مشرق سے مغرب جہاں دیکھو نواز شریف کے منصوبے نظر آئیں گے، نواز شریف نے ایٹمی پلان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا،

پاکستانی قوم کو سلام جس نے متحد ہو کر مشکلات کا سامنا کیا، ایٹمی پروگرام کے معماروں نوازشریف اوربھٹو شہید کو سلام، ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کرنے والی پاک فوج کو بھی سلام،لبرٹی چوک میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بھارت نے ایٹمی دھماکے کیے تو نوازشریف باکو کے دورے پر تھے، نواز شریف نے انڈیا کے دھماکوں کے 17دن بعد ایٹمی دھماکے کیے، نوازشریف کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا بتایا گیا تو انہوں نے فون کر کے پوچھا کتنے دن لگیں گے، نوازشریف کو بتایا گیا کہ 17دن لگیں گے،مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا تو پوری دنیا سے دبا آیا، بل کلنٹن نے نواز شریف سے کہا کہ ایٹمی دھماکے نہ کرو، نواز شریف نے پوری دنیا کا دبا برداشت کیا لیکن دھماکے کیے، پوری دنیا نے نواز شریف کو کہا ایٹمی دھماکے نہ کرنا، پاکستان کو کہا گیا کہ پابندیاں لگ جائیں گی، نواز شریف نے ان پابندیوں کا مقابلہ کیا،مریم نواز کاکہنا تھا کہ ملک چلانے والے کو دنیا یاد رکھتی ہے، جلانے والے کو نہیں، پاکستان کے دفاع سے ترقی تک ایک ہی نام نواز شریف ہے، اتنے انتقام کا سامنا کرنے کے باوجود نواز شریف کی جماعت نہیں ٹوٹی، نوازشریف کے ساتھی سیسہ پلائی دیوار کی طرح نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں، نواز شریف کو کوئی بھی مدت نہیں پوری کرنے دی گئی۔

close