پاکستان امیر ہو جائے گا؟ وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ میں اتحادی جماعتوں سے ریکوڈک معاملے پر مشاورت کے لئے پانچ رکنی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دیدی، ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے قانونی رکاوٹیں دور کرنے کے حوالے سے کمیٹی میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اسحاق ڈار ، سید نوید قمر ، اور ایاز صادق شامل ہونگے ۔ منگل کے روزوزیر اعظم آفس کی جانب سے وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں منعقدہوا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ریکوڈیک منصوبہ کی تنظیم نو پر تفصیلی بحث کی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ریکوڈیک منصوبے سمیت سرمایہ کاری کے دیگر تمام منصوبوں میں سرمایہ کاروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور ان سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں منظور کئے گئے ریکوڈیک پراجیکٹ فنڈنگ پلان کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے اس ضمن میں وزارت پٹرولیم اور دیگر وزارتوں کے حکام کو باضابطہ اجازت بھی دے دی ہے جس کے نتیجے میں 15 دسمبر کو ریکوڈک کی اس ڈیل پر حتمی دستخط ہوجائیں گے اور طے شدہ سمجھوتہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ریکوڈیک پراجیکٹ کی تنظیم نوکے حتمی معاہدوں پر قانونی رائے کے لیے آئین کے آرٹیکل 186کے تحت صدارتی ریفرنس دائر کیا گیا۔سپریم کورٹ نے 9دسمبر2022کواپنی رائے دی کہ ریکوڈیک پراجیکٹ کی تنظیم نوکا عمل شفاف تھا اوراس سلسلے میں جن معاہدوں پر دستخط کیے جارہے ہیں وہ قانون کے عین مطابق ہیں۔جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ میں زیر بحث تحفظ و فروغ غیرملکی سرمایہ کاری بل ترمیمی ایکٹ کے بارے میں سپریم کورٹ کی پہلے ہی سے رائے لی جاچکی ہے۔ وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر ریکوڈیک پراجیکٹ کی تنظیم نو کے لیے حتمی معاہدوں پر دستخط کی منظوری دے دی۔اس سلسلے میں وفاقی کابینہ نے رولز آف بزنس 1973کے تحت سیکرٹری/ایڈیشنل سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن کو مذکورہ معاہدوں پر حکومت پاکستان کی طرف سے دستخط کرنے کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے رکوڈیک کی تنظیم نو کے حوالے سے اسٹیٹ اونڈانٹرپرائززاور ان کے اسپیشل پرپزوہیکلز ،حکومت بلوچستان کے اسپیشل پرپز وہیکلزاور ریکوڈیک پراجیکٹ کمپنی کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کی بھی منظوری دے دی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اتحادی جماعتوں سے طے پایا تھاکہ یہ قانون سازی ریکوڈک منصوبے کی حد تک ہے۔ اس ضمن میں بعض قانونی رکاوٹیں دور کرنے کے لئے 5 رکنی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں وزیر قانون کے علاوہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر کامرس سید نوید قمر، اقتصادی امور ڈویژن کے وزیر سردار ایاز صادق شامل ہیں۔ کابینہ کمیٹی اتحادی جماعتوں کے قائدین سے بات چیت کرے گی اور انہیں اعتماد میں لے کر ان کے تحفظات دور کرے گی۔ طے پایا کہ متعلقہ فریقین کی مشاورت سے ترمیم کی جائیگی۔

close