سلمان شہباز کی پاکستان واپسی پر عمران خان کا ردِعمل آگیا

لاہور ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سلیمان شہباز کو این آر او ٹو سے جھاڑ پونچھ کر پاک صاف کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جارہ کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھنا چاہتا ہے کہ پاکستان کی معیشت تباہی کے نرغے میں کیوں ہے تو محض 2 واقعات ہی اس کیلئے کافی ہیں۔

ایک یہ کہ 75 سالہ سینیٹر اعظم سواتی کو زیرِحراست تشدد کا نشانہ بنایا گیا، انہیں ان کے پوتے پوتیوں کے سامنے پیٹا گیا، ایک حصے کو گرا کر ان کے گھر پر جبراً تالے چڑھائے گئے اور قوانین کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دستور میں فراہم کردہ بنیادی انسانی حقوق کو صریحاً پامال کرتے ہوئےدرج کیے گئے درجنوں مقدمات کے ذریعے انہیں ایک سے دوسرے صوبے میں گھسیٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔عمران خان نے کہا کہ اس کے برعکس اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ میں ملوث سلمان شہباز نامی ایک اشتہاری کو این آر او ٹو کےذریعےجھاڑ پونچھ کر پاک صاف کر دیا گیا ہے اور وہ پاکستان لَوٹ آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رسولِ مکرّم ﷺکی وہ حدیثِ مبارکہ ہر کسی کے پیشِ نظر رہنی چاہئیے جس میں انہوں نے تنبیہ کی تھی کہ ناانصافی کیسے قوموں کو تباہی سے دوچار کرتی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہبازشریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز 4 سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد پاکستان پہنچ گئے ہیں، سلیمان شہباز سعودی ایئرلائنز کی پرواز ایس وی726 کے ذریعے جدہ سے اسلام آباد پہنچے، اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچتے ہی سلیمان شہباز ائیرپورٹ پر کھڑے نجی طیارے میں سوار ہوکر لاہور روانہ ہوگئے جہاں لاہور میں گھر پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف بیٹے سے گلے ملے اور پھولوں کا ہار پہنا کر استقبال کیا۔

close