پی ٹی آئی کا ملک بچاؤ مہم شروع کرنے کا فیصلہ، پہلا مرحلہ 7 دسمبر سے شروع ہو گا

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کرا ملک بچا مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت لاہور کے ارکان پنجاب اسمبلی، ارکان قومی اسمبلی اور پارٹی رہنماں کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں شفقت محمود، حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، فواد چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کرا ملک بچا مہم کا آغاز لاہور سے ہوگا، مہم کا پہلا مرحلہ 7 دسمبر سے شروع ہو کر 17 دسمبر تک جاری رہے گا، مہم کے تحت لاہور میں 11 روز میں گیارہ ریلیاں اور اجتماعات کا انعقاد ہو گا۔اس حوالے سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلی ریلی 7 دسمبر کو حماد اظہر کے حلقہ میں ہوگی، ریلیوں میں مہنگائی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور گرتی معیشت کے ایشوز بھی اجاگر کئے جائیں گے۔ اہم ترین اجلاس مرکزی و ریجنل قائدین اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شریک ہوئے، ملکی سیاسی صورتحال، اسمبلیوں کی تحلیل اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اہم ترین امور پر تفصیلی تبادل خیال بھی کیا گیا۔قائدین و اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے ایوانوں سے استعفوں، اسمبلیوں کی تحلیل کے چیئرمین کے اصولی اعلان کی مکمل تائید کرتے ہوئے فوری طور پر ملک میں قومی انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد ناگزیر قرار دیا گیا جبکہ انتخاب کو التوا میں ڈالنے کی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں صاف شفاف انتخابات کے علاوہ کسی بھی ماورائے آئین و قانون حربے کو گوارا نہ کرنے کا دوٹوک فیصلہ کیا گیا۔تحریک انصاف کے قائدین کی جانب سے کہا گیا کہ مخدوش ترین معاشی صورتحال فوری فیصلہ سازی کی متقاضی ہے، طاقت کا سرچشمہ عوام، آئین بالادست ہے، تبدیلء سرکار کے بھونڈے تجربے نے ملک و ملت کو بحرانوں کی دلدل میں دھنسا دیا ہے، ساکھ و صلاحیت سے محروم گروہ کو قومی فیصلہ سازی دیکر عوام کو قیادت کے انتخاب کے حق سے محروم کیا جارہا ہے، انصاف یکجا، یکسو اور متحد ہو کر اپنے قائد عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے، معقولیت کی راہ اختیار کی جائے اور عوام کو صاف شفاف انتخابات کے ذریعے قیادت کے چناو کا حق فورا دیا جائے۔۔۔۔

close