الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 9 اور پنجاب اسمبلی 3 حلقوں میں ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 9اور پنجاب اسمبلی 3حلقوں میں ضمنی الیکشن 16اکتوبر کو کرانے کا اعلان کردیا جبکہ کہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ 23اکتوبرکو کرانے کا فیصلہ کر لیا، الیکشن کمیشن نے حیدرآباد ڈویژن کے اضلاع سے متعلق صوبائی حکومت اور صوبائی الیکشن کمشنر سندھ سے رپورٹ منگوانے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ سیلاب کی صورتحال اور الیکشن کے انعقاد سے متعلق غور کیا جائے اور جتنا جلد ممکن ہوسکے حیدر آباد میں بھی پولنگ کی تاریخ مقرر کی جائے۔

بدھ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا،اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کوبتایا گیاکہ حلقہ این اے 157ملتان ، پی پی 139 شیخوپورہ ،پی پی 209خانیوال اور پی پی 241بہاولنگرکی پولنگ کے لئے الیکشن کمیشن نے بذریعہ نوٹیفکیشن 9اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی ، اس دن عید میلادالنبی متوقع ہے ۔ الیکشن کمیشن کو یہ بھی بتایا گیا کہ لاہورہائیکورٹ ملتان بینچ نے بھی این اے 157ملتان کے کیس کی سماعت کے دوران کہاکہ الیکشن کمیشن متوقع عیدمیلادالنبی کی وجہ سے تاریخ میں تبدیلی کرے ۔الیکشن کمیشن نے عیدمیلادالنبی کی متوقع تاریخ اور ووٹروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ان حلقوں میں پولنگ16اکتوبر بروز اتوار ہوگی تاکہ ووٹرز اپنا حق رائے دہی باآسانی استعمال کر سکیں،اسی طرح الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کے حکام سے میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی کے 8 حلقہ جات کے لئے بھی پولنگ 16اکتوبر کو ہوگی، جن میں حلقہ این اے 22 مردان،این اے 24چارسدہ ،این اے 31 پشاور ،این اے 45 کرم ،این اے 108فیصل آباد،این اے 118ننکانہ صاحب،این اے 237 ملیر اور این اے 239کورنگی کراچی شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے انعقاد پر بھی غور کیااور فیصلہ کیاکہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں پولنگ 23اکتوبر 2022کو ہوگی ۔ جبکہ حیدرآباد ڈویژن کے اضلاع سے متعلق رپورٹ صوبائی حکومت اور صوبائی الیکشن کمشنر سندھ سے منگوائی جار ہی ہے تاکہ سیلاب کی صورتحال اور الیکشن کے انعقاد سے متعلق غور کیا جائے اور جتنا جلد ممکن ہوسکے حیدر آباد میں بھی پولنگ کی تاریخ مقرر کی جائے ۔۔۔۔

close