لاہور (پی این آئی) پی ٹی آئی سے منحرف ہوکر ڈی سیٹ ہونے والے پنجاب اسمبلی کے سابق رکن نعمان لنگڑیال نے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی پر الزام عائد کیا ہے کہ پرویز الٰہی نے پارٹی میں واپسی کے لئے 10 کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی۔ گزشتہ روز چیچہ وطنی میں حلقہ پی پی 202 پر ضمنی انتخاب کے لئے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نعمان لنگڑیال نے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھی محب وطن تھے جنہوں نے رقم کی پیش کش ٹھکرا دی۔
نعمان لنگڑیال نے کہا کہ اپنے ساتھیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے رہے۔ سابق ایم پی اے نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں ہم نے ضمیر کا سودا کیا، میں وزیر تھا لیکن پی ٹی آئی میں جرأت نہ تھی کہ مجھے نکال سکتے۔ یہ بات اہم ہے کہ نعمان لنگڑیال ن لیگ کے ٹکٹ پر پی پی 202 سے ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں