پیٹرول پمپ مالکان کی سُن لی گئی، حکومت نے منافع بڑھا دیا، پیٹرول کی ہڑتال بھی ختم

لاہور(پی این آئی) پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پٹرول پمپس کی بندش کی وجہ سے پریشانی کا شکار شہریوں کو خوشخبری سنا دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور پٹرولیم ڈویژن کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔ حکومت کیساتھ معاملات طےپانے کے بعد پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ہڑتال ختم کرنے کے اعلان کے فوری بعد ملک بھر کے پٹرول پمپس کھلنا شروع ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور پٹرولیم ڈویژن کے مابین مذاکرات کے بعد پٹرولیم ڈویژن ‏نے فی لیٹر پیٹرول پر مارجن میں99 پیسے اضافے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔پیٹرولیم ڈویژن نے 6 ماہ بعد ڈیلرز مارجن کاجائزہ لینےکی یقین دہانی بھی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیلرز مارجن ‏اضافہ 4.90 روپے فی لیٹر کیا جائےگا۔واضح رہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مارجن میں اضافہ کرنے کا مطالبہ منظور نہ کیے جانے پر جمعرات کے روز ملک گیر ہڑتال کر دی تھی۔ جمعرات کی صبح 6 بجے سے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام تمام پٹرول پمپس بند کر دیے گئے تھے، جبکہ اس صورتحال میں حکومت نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بحال رکھنے کیلئے اقدامات کیے اور پٹرولیم کمپنیوں کے زیر انتظام پٹرول پمپس کھلے رہے۔

یاد رہے ملک بھر میں تقریبا 9 ہزار 500 پیٹرول پمپس ہیں۔ پی ایس او آئل بزنس کا 70 فیصد ہے۔ جمعرات کے روز ہڑتال کے دوران پی ایس او کے کم و بیش تمام پمپس کھلے رہے۔ گوکے 1000، شیل، ٹوٹل اور حسکول کے بھی پیٹرول پمپس کھلے رہے، پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی فیول سپلائی بھی جاری رہی۔

close