آئی فون 15میں کون کونسی خصوصیات ہوں گی اور ڈیزائن کیسا ہوگا؟ لانچ ہونے سے پہلے ہی معلومات لیک ہوگئیں

اسلام آباد(پی این آئی)اس سال ایپل کے آئی فون 15 سیریز کے فونز کافی حد تک گزشتہ سال کے ماڈلز سے مختلف ہوں گے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ نئے آئی فونز میں کئی تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے جن کے بارے میں لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔

 

یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ سے لے کر کیمرا سیٹ اپ اور دیگر فیچرز کے بارے میں لیکس گزشتہ مہینوں میں سامنے آچکی ہیں۔یہ سلسلہ نئے آئی فونز متعارف ہونے تک جاری رہے گا، مگر اب تک نئی ڈیوائسز کے بارے میں جو کچھ معلوم ہوچکا ہے وہ درج ذیل ہے۔لیکس کے مطابق آئی فون 15 سیریز کے ماڈلز دیکھنے میں کافی حد تک گزشتہ سال کے آئی فونز کی طرح ہی ہوں گے۔مگر اس سال تمام آئی فونز کے ڈسپلے میں ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن موجود ہوگا جو گزشتہ سال آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود تھا۔

 

آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔کچھ عرصے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔

 

ایپل کے حوالے سے مستند تفصیلات فراہم کرنے والے تجزیہ کار منگ چی کیو کے مطابق آئی فون 15 پرو میکس میں پیری اسکوپ ٹیلی فوٹو کیمرا لینس متعارف کرایا جائے گا۔اس طرح کا کیمرا لینس زیادہ بہتر آپٹیکل زوم میں مدد فراہم کرتا ہے اور آئی فون 15 پرو میکس کا کیمرا 6x آپٹیکل زوم کی صلاحیت سے لیس ہوگا۔اس کے مقابلے میں آئی فون 14 پرو میکس میں 3x آپٹیکل زوم کا آپشن موجود ہے۔ایک اور لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 15 پرو میکس میں ٹیلی فوٹو کیمرا variable زوم لینس سے لیس ہوگا۔

 

ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اس بار پرو ماڈلز میں 48 میگا پکسل کیمرا دیا جائے گا جو ایپل کی تاریخ کا طاقتور کیمرا سنسر ہوگا۔یہ وہ تبدیلی ہے جس کے بارے میں افواہیں کئی برس سے سامنے آ رہی ہیں مگر 2023 میں ایسا حقیقت میں ہونے والا ہے۔

 

یورپی یونین کی جانب سے تمام ڈیوائسز میں یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کو لازمی قرار دیے جانے کے بعد (اس پابندی کا اطلاق 2024 میں ہونا ہے) ایپل لائٹننگ پورٹ کو بدلنے کے لیے تیار ہے۔ابھی یہ کہنا تو مشکل ہے کہ ایپل کمپنی تمام آئی فون ماڈلز کے چارجنگ پورٹ کو تبدیل کرے گی یا صرف ان ڈیوائسز میں یہ تبدیلی جائے گی جو یورپی یونین میں فروخت ہوں گی۔مگر صرف ایک خطے کے لیے مخصوص ڈیزائن والے آئی فونز کی تیاری آسان نہیں۔

 

تو زیادہ امکان یہی ہے کہ ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے۔یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔ایک لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 15 سیریز کے پرو ماڈلز میں ریم کو 6 جی بی سے بڑھا کر 8 جی بی کر دیا جائے گا جبکہ نیا اے 17 بائیونک پراسیسر ان ڈیوائسز کا حصہ ہوگا۔

 

اس کے مقابلے میں آئی فون 15 اور 15 پلس میں 6 جی بی ریم دیے جانے کا امکان ہے۔اس سال کچھ نئے آئی فونز کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔زیادہ امکان یہ ہے کہ آئی فون 15 کی قیمت گزشتہ سال کے ماڈل جتنی ہی ہوگی مگر پرو ماڈلز ضرور مہنگے ہو سکتے ہیں۔تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ قیمت میں کتنا اضافہ کیا جا سکتا ہے، مگر مختلف لیکس کے مطابق آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس کی قیمت میں کم از کم 100 ڈالرز کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ایپل کی جانب سے ہر سال ستمبر میں نئے آئی فونز کو متعارف کرایا جاتا ہے اور آئی فون 15 سیریز کو بھی ستمبر میں ہی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

close