اپنے مرنے والے رشتہ دار کا فیس بک یا انسٹاگرام اکائونٹ کیسے ڈیلیٹ کریں؟ طریقہ کار بتا دیا گیا

نیویارک(پی این آئی) آدمی کا انتقال ہو جائے تو اس کے عزیزواقارب تجہیزو تدفین کا انتظام کرتے ہیں لیکن آج کی نسل میں ایک کام اس سے بھی زیادہ اہم ہو چکا ہے اور وہ اس مرنے والے شخص کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ساتھ معاملہ کرنا ہے۔

جب کوئی شخص مر جائے تو آپ اس کے فیس بک اور انسٹاگرام وغیرہ کے اکاؤنٹس کے ساتھ کیا کر سکتے ہیں؟ اس حوالے سے لوگوں کی رہنمائی کر دی ہے۔ فیس بک کی بات کریں تو آپ اپنے مر جانے والے رشتہ دار یا دوست کے اکاؤنٹ کو نہ صرف بند کروا سکتے ہیں بلکہ اسے ’یادگاری اکاؤنٹ‘ میں تبدیل بھی کروا سکتے ہیں، جس پر لوگ اس مرجانے والے شخص کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں پر مبنی پیغامات بھیج سکتے ہیں۔ اپنے کسی رشتہ دار یا دوست کی موت کے بعد اس کے فیس بک اکاؤنٹ کوبند کرانے یا میموریل اکاؤنٹ میں تبدیل کرانے کے لیے آپ کو ثابت کرنا ہو گا کہ آپ اس کے قریبی رشتہ دار یا مختار ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آپ کو مرنے والے شخص کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ سکین کرکے فیس بک کو مہیا کرنا ہو گا۔ اگر آپ یہ چیزیں مہیا یا ثابت نہیں کر سکتے تو آپ پاور آف اٹارنی، برتھ سرٹیفکیٹ، وصیت نامہ، اسٹیٹ لیٹربھی دے سکتے ہیں اور اس کی موت کو ثابت کرنے کے لیے اخبار میں اس کی موت کے اعلان پر مبنی اشتہار یا میموریل کارڈدے سکتے ہیں۔مذکورہ چیزیں مہیا کرنے اور پراسیس کو مکمل کرنے کے لیے آپ کو اس لنک (https://web.facebook.com/help/contact/228813257197480?_rdc=1&_rdr) پر جانا ہو گا۔اگر آپ اس کے اکاؤنٹ کو میموریل اکاؤنٹ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو اس لنک (https://web.facebook.com/help/contact/234739086860192?helpref=faq_content&_rdc=1&_rdr)پر جائیں۔
اگر آپ خود اپنی زندگی میں کسی ایک شخص کو اپنا مختار مقرر کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ آپ کے مرنے کے بعد آپ کا فیس بک اکاؤنٹ بند کرا سکے یا میموریل اکاؤنٹ میں تبدیل کرا سکے تو اس کے لیے اپنے اکاؤنٹ کے سیٹنگز اینڈ پرائیویسی کے آپشن میں جائیں اور وہاں سے ’میموریلائزیشن سیٹنگز‘ میں جا کر اپنے اس دوست کا نام ٹائپ کرکے ’ایڈ‘ کر دیں۔ اب آپ کا یہ دوست آپ کا ’لیگیسی کنٹیکٹ‘ (Legacy contact)بن جائے گا جو باآسانی آپ کے اکاؤنٹ کو بند کرا سکے گا یا میموریل اکاؤنٹ میں تبدیل کرا سکے گا۔انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹس کو بھی آپ اسی طرح بند کرا سکتے ہیں یا میموریل اکاؤنٹ میں تبدیل کرا سکتے ہیں۔ انسٹاگرام پر اس پراسیس کے لیے اس لنک (https://help.instagram.com/contact/452224988254813) پر جائیں۔ ٹوئٹر پر یہ پروسیجر کچھ مختلف ہے۔ اس پلیٹ فارم پر آپ کو پیشگی فارم کی بجائے اس لنک (https://help.twitter.com/en/forms/privacy) پر جا کر مدد کی درخواست کرنی ہو گی، جس پر ٹوئٹر کا نمائندہ آپ سے رابطہ کرے گا اور آپ سے آپ کے متعلق اور مرنے والے شخص کے متعلق تصدیقی دستاویزات اور معلومات مانگے گا۔ان میں آپ کے آئی ڈی کارڈ کی نقل اور مرنے والے شخص کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی کاپی شامل ہوں گی۔ اس کے بعد اس شخص کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔

close