کراچی: آئی ایم سی اوور فور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخوں میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے اہم اجلاس چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن (پی وی سی اے) فواد اعجاز خان، وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر، اور سیکریٹری اسپورٹس سندھ منور علی مہیسر کے درمیان وزیر کے دفتر میں منعقد ہوا۔
چیئرمین پی وی سی اے کے مطابق ٹورنامنٹ کی تاریخوں میں تبدیلی نیشنل گیمز کے باعث کی گئی ہے، جو حکومت سندھ کے زیر اہتمام 6 سے 13 دسمبر 2025 تک کراچی میں ہوں گے۔ پہلے ورلڈ کپ کا انعقاد یکم سے 13 دسمبر 2025 تک طے تھا۔ نیشنل گیمز میں 7 ہزار سے زائد کھلاڑی، آفیشلز اور ٹیکنیکل اسٹاف شریک ہوں گے۔ کرکٹ ورلڈ کپ میں کل 42 میچز کراچی کے مختلف میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ٹیم کے تمام میچز فلڈ لائٹس میں ہوں گے، جنہیں براہ راست ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کیا جائے گا۔
فواد اعجاز خان کا کہنا تھا کہ دو بڑے ایونٹس کے ایک ساتھ انعقاد سے سکیورٹی اور لاجسٹکس کے مسائل پیدا ہو سکتے تھے، اس لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خواہش اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشورے پر تاریخوں میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 12 شریک ممالک—جن میں پاکستان، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، ہانگ کانگ، زمبابوے، کینیڈا، سعودی عرب، یو اے ای، امریکا اور ریسٹ آف دی ورلڈ شامل ہیں—کو اعتماد میں لیا گیا ہے، اور تمام ٹیموں نے تعاون کیا۔
چیئرمین پی وی سی اے نے مزید کہا کہ نیا شیڈول شائقین کو زبردست کرکٹ کا موقع فراہم کرے گا، کھیلوں کی سیاحت کو فروغ دے گا اور پاکستان کی مہمان نوازی کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں