شکیب الحسن کے بعد بنگلہ دیش کے ایک اور سینئر کھلاڑی محمود اللہ نے ٹی ٹوینٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیاہے ،
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز ان کی آخری ہو گی تاہم وہ ون ڈے کرکٹ جاری رکھیں گے ۔تفصیلات کے مطابق محمود اللہ نے پریس کانفرنس میں کہا، “میں اس سیریز کے آخری میچ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائر ہو رہا ہوں، میں نے یہاں آنے سے پہلے ہی یہ فیصلہ کیا تھا،میں نے اپنے خاندان، کوچ، کپتان، چیف سلیکٹر اور بورڈ کے صدر سے بھی بات کی تھی۔
میرے خیال میں یہ فارمیٹ چھوڑنے کا درست وقت ہے، خاص طور پر جب دو سال سے کم عرصے میں ورلڈ کپ ہونے والا ہے۔ میں اب ون ڈے کرکٹ پر توجہ مرکوز کروں گا۔”محمود اللہ، جو بنگلہ دیش کے دوسرے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی ہیں، تین سال پہلے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے لیے 139 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں اور اگر وہ اس سیریز کے آخری دو میچز بھی کھیلتے ہیں تو وہ 141 میچز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میں تیسرے سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔
محمود اللہ نے 2016 کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران اپنے بیٹنگ کے انداز میں تبدیلی لانے کا ذکر کیا، جو بھارت میں منعقد ہوا تھا۔ انہوں نے کہا، “میں نے چھٹے یا ساتویں نمبر پر بیٹنگ کی، اس لیے اپنا بیٹنگ کا انداز اور حکمت عملی تبدیل کی۔ یہ ٹیم کے لیے فنشر کا کردار تھا، جو ایک مشکل کام تھا۔ ہمیشہ آپ کھیل کو ختم نہیں کر سکتے۔”بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 9 اکتوبر کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔ بھارت سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں