شاداب خان کی کونسی خوبی پسند آئی جس پرداماد بنانے کا فیصلہ کیا؟ ثقلین مشتاق نے بتا دیا

لاہور(پی این آئی) حالیہ دنوں قومی کرکٹر شاداب خان سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کی صاحبزادی ملائیکہ ثقلین کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ ثقلین مشتاق نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بیٹی کی شاداب خان کے ساتھ شادی سے متعلق کئی انکشافات کیے ہیں۔ معروف یوٹیوبر نادر علی کو انٹرویو دیتے ہوئے ثقلین مشتاق نے بتایا کہ انہیں شاداب خان کی نماز کی پابندی نے سب سے زیادہ متاثر کیا۔

وہ بتاتے ہیں کہ شاداب خان کے والدین رشتہ لے کر آئے تھے، جس کی مجھے بے حد خوشی ہوئی۔ آج کے دور میں اولاد یہ کہہ دے کہ جسے ماں باپ پسند کریں، اس سے شادی کروں گا، یہ بہت بڑی بات ہے۔میں نے شاداب خان کو جتنا عرصہ قومی ٹیم میں دیکھا اس میں کوئی برائی نظر نہیں آئی۔ وہ پانچ وقت کا نمازی تھا اوراس کی اس اچھائی نے مجھے بہت قائل کیا۔وہ نہ صرف خود نماز پابندی سے پڑھتا بلکہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی نماز کی طرف راغب کرنے کی کوشش کرتا تھا۔ ثقلین مشتاق نے بتایا کہ رشتہ آنے کے بعد ہم نے سوچنے کے لیے دو دن کی مہلت مانگی۔ اس کے بعد منگنی ہو گئی اور اگلے دو روز بعد دونوں کا نکاح کر دیا گیا۔ نکاح میں نے خود پڑھایا۔ اپنی بیٹی کا نکاح پڑھانے کی کیفیت میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close