پشاور زلمی کی پلے آف مرحلے تک رسائی مشکل ہوگئی

راولپنڈی (پی این آئی) پے درپے 2 شکستیں، پشاور زلمی کیلئے پلے آف مرحلے تک رسائی مشکل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد پشاور زلمی شدید مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے۔

پلے آف مرحلے میں پہنچنے کیلئے بابر الیون کو اپنے آخری میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔ تاہم اگر پشاور زلمی اپنے آخری گروپ میچ میں شکست کھا جائے، جبکہ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ملتان سلطانز کے ہاتھوں اپنے آخری گروپ میچ میں شکست سے دوچار ہو، یا اچھے مارجن سے فتح حاصل کرنے میں ناکام رہے، تو اس صورت میں بھی بابر الیون پلے آف مرحلے میں پہنچ جائے گی۔ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنا آخری گروپ میچ کل بروز ہفتہ کو کھیلیں گی، جبکہ اتوار کے روز پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے آئیں گے، اسی دن لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا بھی بڑا ٹاکرا ہو گا۔اتوار کے روز پی ایس ایل 8 کا گروپ میچز مرحلہ اختتام پذیر ہو جائے گا، جس کے بعد اگلے ہفتے سے پلے آف مرحلے کا آغاز ہو گا۔

واضح رہےکہ پشاور زلمی کو شکست دینے کے بعد ملتان سلطانز پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی، پشاور کے باولرز مسلسل دوسری مرتبہ بڑے ہدف کے دفاع میں ناکام رہی، رئیلی روسو کی شاندار سینچری نے سلطانز کو فتح دلوائی۔ ملتان سلطانز نے 243 رنز کا ہدف 5 گیندوں قبل ہی حاصل کیا۔ ملتان کی جانب سے رئیلی روسو نے 121 رنز جبکہ پولارڈ نے 52 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلیں، پشاور زلمی کی جانب سے صرف وہاب ریاض نے قدرے بہتر باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 32 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 73 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی، جبکہ سائم ایوب بھی 58 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی 4 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔ واضح رہے کہ پشاور زلمی کو پلے آف مرحلے تک رسائی کیلئے اپنے آخری میچ میں فتح درکار ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close