کراچی کنگز کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سفر بھی پی ایس ایل 8میں تمام ہوا

راولپنڈی (پی این آئی ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے 21 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے ہرا دیا ۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے 21ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔گلیڈی ایٹرز نے جب اننگز کا آغاز کیا تو پہلے اوور میں ول اسمید 3 کے اسکور پر فضل حق فاروقی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، تیسرے اوور میں یاسر خان اپنی وکٹ گنواکر پویلین کی جانب لوٹ گئے، کپتان سرفراز احمد اور افتخار احمد بھی باری باری آؤٹ ہوگئے۔ محمد نواز اور نجیب اللّٰہ زادران نے ٹیم کو سنبھالا دیتے ہوئے 104 رنز کی پارٹنر شپ کی اور یوں ٹیم کا سکور 121 تک پہنچا دیا، 16 ویں اوور کی پہلی گیند پر محمد نواز شارٹ مارنے کے چکر میں فضل حق فاروقی کی گیند پر مبشر خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ نجیب اللہ زادران بھی 59 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے لیکن عمر اکمل نے آتے ہی چھکوں کی برسات کردی اور صرف 14 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 43 رنز سکور کر کے اپنی ٹیم کا سکور 179 رنز تک پہنچا دیا۔اسلام آباد کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 3، فہیم اشرف نے دو اور رومان رئیس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 180 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ صفر پر گر گئی۔رحمن اللہ گرباز کو نسیم شاہ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ ان کے بعد ایلکس ہیلز 12 رنز بنانے کے بعد نوین الحق کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان صرف 8 رنز ہی بنا پائے تھے کہ افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کولن منرو نے 29 گیندوں پر چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد وہ محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

مبشر خان پانچ رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔آصف علی کو 6 رنز پر محمد نواز نے بولڈ کر دیا۔ اعظم خان 25 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ حسن علی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اسلام یونائیٹڈ نے مقررہ 19 اعشاریہ 3 اوور میں 8 وکٹوں پر 183 رنز بناکر فتح حاصل کی۔میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل کھیلے ایونٹ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اعظم خان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی۔ میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم شاداب خان (کپتان)، کولن منرو، رحمٰن اللہ گرباز، ایلکس ہیلز، اعظم خان (کپتان)، آصف علی، مبشر خان، فہیم اشرف، فضل الحق فاروقی، حسن علی اور رومان رئیس پر مشتمل ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سرفراز احمد(کپتان)، یاسر خان، ول اسمیڈ، نجیب اللہ زدران، محمد نواز، سرفراز احمد، افتخار احمد، عمر اکمل، اوڈین اسمتھ، عمید آصف، نوین الحق اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close