ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8، انگلینڈ کی سری لنکا کو بڑے مارجن سے شکست

انگلینڈ نے سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں 51 رنز سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کر لی۔ پالی کیلے میں کھیلے گئے اس مقابلے میں انگلینڈ نے بظاہر کم اسکور 146 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پر بنائے، تاہم سری لنکن بیٹنگ لائن اس ہدف کے تعاقب میں مکمل طور پر بکھر گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ نے 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، جبکہ دیگر بلے باز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ جواب میں سری لنکا کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور پاور پلے ہی میں پانچ وکٹیں گر گئیں، جس سے ہدف کا تعاقب شروع ہونے سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہو گیا۔ ول جیکس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور لنکن بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ اسپنرز کی موثر کارکردگی نے انگلینڈ کی جیت یقینی بنا دی۔

میچ سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بارش کے باعث موسم غیر یقینی تھا اور ٹاس سے پہلے ہلکی بارش بھی ہوئی، تاہم کھیل بروقت شروع ہو گیا۔ اگرچہ بارش کے امکانات موجود تھے، لیکن میچ مکمل ہوا اور انگلینڈ نے غیر متوقع طور پر کم اسکور کے باوجود 51 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close