دہلی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے فیصلے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے اس بات پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بات چیت کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جس سے کرکٹ کو ترجیح دی گئی اور ایک خوشگوار حل نکلا۔
راجیو شکلا نے بتایا کہ آئی سی سی کے نمائندوں نے چیئرمین آئی سی سی کی نگرانی میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے لاہور میں ملاقاتیں کیں، جس کے نتیجے میں تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول حل سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین اور دوستانہ حل ہے جس میں کھیل کی اہمیت کو مقدم رکھا گیا، اور آئی سی سی کی کاوشوں سے تمام تنازعات حل ہوئے اور کرکٹ ایک بار پھر مرکزِ توجہ بن گئی۔
نائب صدر بی سی سی آئی نے مزید کہا کہ پاکستان کو مذاکرات کی میز پر لانا اور کولمبو میں میچ کھیلنے پر آمادہ کرنا آئی سی سی کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ 15 فروری کو کولمبو میں کھیلا جائے گا اور پاکستان کی شرکت یقینی ہے۔
راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد میں مدد ملے گی، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات بھی دور کیے گئے ہیں اور یہ صورتحال تمام فریقوں کے لیے جیت کی علامت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






