قومی ٹیم میں واپسی، محمد عامر نے اپنا گول بتا دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کا گول ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنا ہے اور اسی گول کے تحت مجھے ٹیم میں واپس لایا گیا ہے۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں چار سال کے بعد واپسی ہوئی ہے، مگر قومی ٹیم سے کھیلنا کا لمحہ ہی الگ ہوتا ہے، مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میری یہ ڈیبیو سیریز ہے۔ فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ جب ملک کا سٹار پہنتے ہیں تو اس لمحے کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے، میرے لیے بہت مشکل ہے کہ مجھے ٹیم مینجمنٹ کی امیدوں پر پورا اترنا ہے، مجھ پر ٹیم مینجمنٹ اور شاہین آفریدی نے کافی بھروسا کیا اور اب اس بھروسے پر پورا اترنے کا کافی پریشر ہے۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ 2009 میں جب پہلی بار ڈیبیو کیا تو پاکستان ٹی 20 کا چیمپئن بنا، 2017 کی چیمپئن ٹرافی کا فائنل کھیلے اور پاکستان اس کا بھی چیمپئن بنا، پاکستانی ٹیم 2021 میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلی اور 2022 میں فائنل کھیلی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح پی سی بی مجھے لے کر آیا اس کا شارٹ ٹرم گول ہے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جیتنا، اور یہ بہت اہم ہے، اگر میرے ہوتے ہوئے ٹیم جیتتی ہے تو بہت بڑی بات ہوگی کہ میں جیتی ہوئی ٹیم کا حصہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میرا پہلے سے اب فٹنس لیول بہت بہتر ہے، 2019 کی نسبت اب خود کو زیادہ فٹ محسوس کرتا ہوں، جب تک آپ فٹ نہیں ہیں آپ گراؤنڈ میں پرفارم نہیں کرسکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close