سستی روٹی ،حکومت پنجاب کا بڑے ہوٹلوں کیخلاف کاروائی نہ کرنے کا اعلان

لاہور (پی این آئی) وزیر خوراک پنجاب کا مہنگی روٹی فروخت کرنے والے بڑے ہوٹلوں کیخلاف کاروائی نہ کرنے کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی جانب سے بڑے ہوٹلوں پر مہنگی روٹی اور نان کی فروخت کے معاملہ پر انوکھی منطق پیش کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ بڑے ریسٹورنٹس حکومت کی ڈومین میں نہیں آتے، بڑے ہوٹل 50اور 100روپے کی روٹی فروخت کر سکتے ہیں، بڑے ہوٹلوں میں شہری اپنی مرضی سے پیسے ادا کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر کے مطابق ہم صرف چھوٹے تنوروں اور ہوٹلوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ حکومت نے غریب آدمی کا احساس کرتے ہوئے روٹی کی قیمت میں نمایاں کمی کی ہے۔

جمعہ کے روز وزیر خوراک نے کمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی اور ڈویژن کے چاروں اضلاع میں روٹی ونان کی مقررہ قیمت پر فروخت بارے بریفنگ لی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ میں روٹی ونان کی مقررہ قیمت اور وزن کی چیکنگ کے لئے تمام انتظامی مشینری متحرک ہے۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ حکومت کے غریب دوست اقدام کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے روٹی و نان کی مقررہ نرخ اور پورے وزن کے مطابق فروخت کے اقدامات کو سراہا۔ انتظامیہ کی مسلسل کوششوں سے 80 فیصد سے زائد مقامات پر روٹی 15 روپے اور نان 20 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

close