ورلڈ کپ کھیلنے والی 2ٹیمیں جنہوں نے براہ راست چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا موقع ہاتھ سے گنوا دیا

کولکتہ (پی این آئی ) چیمپئنز ٹرافی تک براہ راست رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہنے والی 2 ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا، کولکتہ میں پاکستان کیخلاف بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنے کے بعد سابق عالمی چیمپئن انگلینڈ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ ساتویں پوزیشن پر آ گیا، جبکہ سری لنکا اور نیدرلینڈ 9ویں اور 10 ویں پوزیشن پر رہنے کی وجہ سے پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی تک براہ راست رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہو گئے۔ آئی سی سی کے اعلان کے مطابق رواں ورلڈکپ کے دوران پوائنٹس ٹیبل پر 8 ویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیمیں ہی 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کی اہل ہوں گی، جبکہ 2 ٹیموں کو کوالی فائنگ راونڈ کھیلنا ہو گا۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان کے سفر کا شکست پر اختتام ہو گیا، کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کے میدان پر انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم رواں ورلڈکپ کے دوران 9 میں سے صرف 4 فتوحات حاصل کر سکی۔ تاہم کولکتہ میں انگلینڈ کیخلاف شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں پانچویں پوزیشن بچانے میں کامیاب رہی، پاکستان کو پانچویں پوزیشن بچانے کیلئے کم از کم 188 رنز درکار تھے۔

پاکستان کی جانب سے صرف آغا سلمان نصف سینچری اسکور کر کے نمایاں رہے، انہوں نے 51 رنز کی اننگ کھیلی، جبکہ انگلینڈ کی جانب سے اپنے کیرئیر کا آخری ایک روزہ میچ کھیلنے والے ڈوڈ ولی 3 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن 244 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ قومی ٹیم اپنی اننگ کے آغاز میں ہی آفیشلی ورلڈ کپ 2023ء سے باہر ہوگئی تھی۔ ورلڈکپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کسی ورلڈکپ میں 5 شکستوں سے دوچار ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close