افغان کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ میں بڑا اعزاز حاصل کرلیا

پونے (پی این آئی ) افغانستان نے 3 سابقہ عالمی چیمپئنز کو شکست دینے کا اعزاز حاصل کر لیا، پونے میں افغان بلے بازوں نے 241 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر کے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

 

 

یہ رواں ورلڈکپ میں افغانستان کی تیسری فتح تھی، افغان ٹیم اب تک انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کیخلاف فتوحات حاصل کر چکی۔ ورلڈ کپ 2023 کے 30ویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا۔ بھارتی شہر پونے میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 30 ویں میچ میں افغانستان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر سری لنکن کپتان کوشل مینڈیس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹرز پتھم نسانکا اور دیموتھ کرونارتنے نے کیا لیکن یہ اوپننگ جوڑی افغانستان کے بولرز کے سامنے اپنی ٹیم کو زیادہ اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی۔ 5ویں اوور میں دیموتھ کرونارتنے فضل حق فاروقی کی گیند پر 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ، پتھم نسانکا 60 گیندوں پر 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔

 

 

 

سری لنکا کی تیسری وکٹ مجیب الرحمان کے حصے میں آئی جب انھوں نے 39 رنز پر کپتان کوشل مینڈیس کو واپسی کی راہ دکھائی ، مجیب نے ہی سدیرا سماراوکرما کو صرف 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ چارتھ اسالنکا اور دھننجایا ڈی سلوا کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 28 رنز جوڑے گئے، دھننجایا ڈی سلوا 14 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ چارتھ اسالنکا 22 رنز بنا کر فضل الحق فاروق کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ دشمنتھا چمیرا رن آؤٹ ہوئے۔ اینجلیو میتھیوز نے 23 رن کی اننگ کھیلی۔ سری لنکا کی ٹیم 49.3 اوور میں 241 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فضل حق فاروقی نے 34 رن دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں ۔ سری لنکن ٹیم میں بلے باز دموتھ کرونا رتنے اور بولر دشمنتھا چمیرا کو شامل کیا گیا جبکہ افغان ٹیم نے اسپنر نور احمد کی جگہ فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی کو شامل کیا۔

 

 

 

افغان کپتان کے مطابق پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ شام میں اوس پڑنے کا امکان ہے۔ سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی صورت میں پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے کیونکہ پچ بلے بازی کے لیے اچھی لگ رہی ہے۔

close