ورلڈ کپ میں محمد رضوان کے متبادل وکٹ کیپر کا فیصلہ ہوگیا

لاہور (پی این آئی) ورلڈکپ کے کسی بھی میچ میں محمد رضوان کے متبادل وکٹ کیپر کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کے دوران کسی میچ میں رضوان کی عدم شرکت کی صورت میں سینئر بلے باز وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈکپ کے وارم اپ میچ کے دوران کمنٹری پینل کی جانب سے بتایا گیا کہ اگر ٹورنامنٹ کے دوران کسی وجہ سے محمد رضوان کسی میچ میں شرکت نہ کر سکے تو اس صورت میں امام الحق سے وکٹ کیپنگ کروائی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان کے اعلان کردہ سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ)، وسیم جونیئر، سعود شکیل، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر شامل ہیں۔ ریزو کھلاڑیوں میں محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان شامل ہیں۔ ریزو کھلاڑی اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ کے کسی رکن کے پورے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کی صورت میں 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ یاد رہے پاکستانی ٹیم اپنی ٹورنامنٹ مہم 6 اکتوبر کو شروع کرے گی جہاں اس کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوگا جس نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پانچویں مرتبہ کوالیفائی کیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ متوقع میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جب ہندوستان اور پاکستان احمد آباد کے مقام پر ٹکرائیں گے۔ پاکستان نے ابھی تک کسی بھی آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کامیابی حاصل نہیں کی ہے، جس کی وجہ سے بابر الیون کے لیے روایتی حریفوں کو شکست دینا ایک مشکل کام ہے۔

مزید برآں، ہندوستانی ٹیم آئندہ میگا ایونٹ میں پاکستان کے خلاف اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پراعتماد نظر آتی ہے۔ اس کے برعکس ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور ان کے سینئر کھلاڑیوں کے درمیان اندرونی مسائل کی افواہیں بھی سامنے آئیں۔ اس کے علاوہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی انجری نے ان کے چیلنجز میں اضافہ کر دیا ہے۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ پاکستانی ٹیم انتہائی متوقع ایونٹ میں ان چیلنجز پر کیسے قابو پاتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں