ورلڈکپ 2023، پاکستان کے دو میچز کی تاریخیں تبدیل کر دی گئیں

لاہور (پی این آئی) پاکستان کے 2 ورلڈکپ میچز کی تاریخیں تبدیل کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ شیڈول میں تبدیلی کی بھارتی درخواست پر رضامندی ظاہر کردی۔ بھارت کا میچ جو 15 اکتوبر کو شیڈول کیا گیا تھا وہ اب 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان میچ 6 اکتوبر کو ہی حیدر آباد میں کھیلا جائے گا۔ترمیم شدہ پروگرام کے مطابق قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ سری لنکا کے ساتھ جو پہلے 12 اکتوبر کو کھیلنا تھا اس کو دو دن پہلے کردیا گیا ہے، یہ میچ اب 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہوگا۔ پی سی بی نے ورلڈ کپ میچز کے شیڈول میں ردوبدل پر بھارتی کرکٹ بورڈ حکام کو کوئی اعتراض نہ ہونے کا جواب بھجوا دیا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ پی سی بی کی رضامندی ملنے کے بعد آئی سی سی حکام کی مشاورت سے باقاعدہ اپ ڈیٹ شیڈول جاری کرے گا۔واضح رہے کہ 10 ٹیمیں 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک 10 مقامات پر پرجوش ٹائٹل کے لیے لڑیں گی، احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے افتتاحی اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔ ڈے میچز جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10:00 بجے شروع ہوں گے جبکہ دیگر تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے جو دوپہر 01:30 بجے سے شروع ہوں گے۔ اگر پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ کولکتہ میں کھیلے گا۔اگر ہندوستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ ممبئی میں کھیلے گا تاہم پاک بھارت مقابلے کے صورت میں میچ کولکتہ میں ہوگا۔

کرکٹ ورلڈ کپ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کل 45 لیگ میچز کھیلیں گی۔ ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 15 نومبر کو ممبئی اور 16 نومبر کو کولکتہ میں ہوں گے۔ سیمی فائنل اور فائنل میں ریزرو دن ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close