شعیب ملک کی بیٹے اذہان سے متعلق بڑی خواہش سامنے آگئی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ لائم لائٹ میں رہنے والے گلیمرس کرکٹر شعیب ملک بیٹے کوحافظ قرآن بنانا چاہتے ہیں۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں میزبان کی جانب سے شعیب ملک سے ان کے بیٹے کے حوالے سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے بیٹے کو کبھی کرکٹر بنانے کیلئے زور نہیں دیں گے؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اپنے بیٹے کے ساتھ کسی بھی کام کیلئے زبردستی نہیں کروں گا تاہم اذہان کو قرآن حفظ کروانا میری خواہش ہے۔اپنے بیٹے کے بارے میں شعیب ملک نے کہا کہ میں ایسا چاہتا ہوں کہ وہ اچھا پڑھے اور سب کی عزت کرے، بس میں یہ چیزیں اپنے بیٹے سے چاہتا ہوں، باقی وہ زندگی میں جو کرنا چاہتا ہے وہ کرے۔ شعیب ملک اور بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی شادی 12 اپریل 2010 میں ہوئی جس پر پاکستان سمیت بھارتی میڈیا پر بھی خبروں کا طوفان آگیا تھا، مداح دونوں سے متعلق جاننے میں دلچسپی کا اظہار کر رہے تھے۔ اس حوالے سے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران شعیب ملک سے سوال کیا گیا کہ ‘جب آپ دونوں کی شادی ہوئی تو پاکستان اور بھارتی میڈیا پر خبریں ہی خبریں تھیں، تو شادی کے فوراً بعد آپ کو احساس نہیں ہوا کہ یہ کچھ زیادہ ہی ہوگیا؟ یا آپ اس کی امید کررہے تھے؟ جواب میں آل راؤنڈر نے کہا ‘دونوں ملکوں میں جو توجہ ملی، وہ ثانیہ مرزا کی وجہ سے ملی۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ سپر ڈوپر اسٹار ہیں، شادی پر ہمیں سب توجہ صرف ثانیہ مرزا کی وجہ سے ہی ملی’۔اہلیہ کی کامیابی سے متعلق سوال کے جواب میں شعیب ملک نے کہا ‘اگر آپ کسی کو پسند نہیں کرتے اور اس کو کامیابی ملے، تو کوشش ضرور کرنی چاہیے کہ آپ خوشی دکھائیں’۔ کرکٹر نے کہا ‘اگر کوئی آپ کا اپنا ہو اور اسے کامیابی ملے پھر تو آپ کے پاؤں زمین پر نہیں ٹکنے چاہئیں، وہ چاہے آپ کی بہن ہو، اہلیہ ہو، ماں ہو یا چاہے ساس ہو’۔انہوں نے کہا ‘اس معاملے میں توازن برقرار رہنا چاہیے، مرد کو اوپر نہیں ہونا چاہیے، دونوں کو ساتھ چلنا چاہیے’۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close