کراچی (پی این آئی) آئی سی سی رینکنگ میں نمبر 1 بنتے ہی پوزیشن چھن جانے کا خطرہ، پاکستانی ٹیم کو خبردار کر دیا گیا، پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں بھی فتح حاصل کرنا ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، اس فتح کے بعد بابر اعظم قومی ٹیم کو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر 1 بنانے کا تاریخی اعزاز دلوانے والے پہلے پاکستانی کپتان بن گئے۔2005ء میں آئی سی سی رینکنگز کے باضابطہ اجراء کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان کی رینکنگ پانچویں تھی، سیریز میں شاندار پرفارمنس کے ساتھ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک کے چاروں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔پاکستان فی الحال آسٹریلیا اور انڈیا کے خلاف ڈیسیمل پوائنٹس پر آگے ہے، اگر پاکستان پانچواں میچ بھی جیت جاتا ہے تو اس کی برتری واضح ہوجائے گی۔ تاہم مئی کے وسط میں ون ڈے رینکنگ کی سالانہ اپ ڈیٹ کے بعد رینکنگ میں رد و بدل ہوسکتا ہے۔
چوتھے ون ڈے میں فتح کے بعد پاکستان کے مجموعی ریٹنگ پوائنٹس 113.483 ہوگئے ہیں، آسٹریلیا کے ریٹنگ پوائنٹس 113.286 جبکہ انڈیا کے ریٹنگ پوائنٹس 112.638 ہیں ۔واضح رہے کہ کراچی میں کھیلےگئے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئیں۔ امام الحق ، شاداب خان ، عبداللہ شفیق ، نسیم شاہ اور محمد نواز کی جگہ شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، اسامہ میر اور حارث رؤف پلیئنگ الیون کا حصہ بن گئے۔پہلی اننگ کی آخری چند گیندوں پر شاہین آفریدی کے چھکے پر چھکوں کے باعث پاکستان مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم شاندار سینچری اسکور کر کے سب سے نمایاں رہے، جبکہ سلمان علی آغا نے نصف سینچری اسکور کی، شان مسعود 44 رنز بنا سکے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 7 گیندوں پر 23 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی۔محمد رضوان 24، افتخار احمد 28 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری 3 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے، ایش سودھی اور بین لسٹر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 335 رنز کے ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم44 ویں اوور میں مخص 232 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، پاکستان کے اسامہ میر 4، محمد وسیم 3، حارث رؤف نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں