انگلینڈ نے پاکستان بالرز کے پرخچے اڑا دیئے، بآسانی شکست دے کر سیریز برابر کر لی

لاہور (پی این آئی) چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز تین، تین سے برابر کردی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے 170 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 15 ویں اوور میں ہی پورا کردیا۔قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی طرف سے دیے گئے 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز نے انتہائی جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اننگز کے شروع میں ہی میچ کے رخ کا تعین کردیا۔

فل سالٹ اور ایلکس ہیلز نے بھرپور لاٹھی چارج کرتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا۔ ایلکس ہیلز 12 گیندوں پر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ایلکس ہیلز آخری وقت تک کریز پر ڈٹے رہے اور چھکوں، چوکوں کی برسات کرتے رہے۔ انہوں نے 87 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے ڈیوڈ ملان 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ بین ڈکٹ 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے ۔بابر اعظم نے اس میچ میں اپنے کریئر کی 27 ویں نصف سنچری سکور کی اور تیز ترین تین ہزار رنز مکمل کرنے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی برابر کیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ 81 اننگز میں سرانجام دیا ہے۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر درست ثابت ہوا کیونکہ پاکستانی بلے باز ایک کے بعد وکٹیں گنواتے رہے۔

دوسرے اینڈ پر کپتان بابر اعظم آخر تک ڈٹ کر کھڑے رہے اور 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد رضوان کی جگہ ٹیم میں آنے والے محمد حارث اپنے ڈیبیو میچ میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف سات رنز ہی بنا پائے۔ شان مسعود کوئی رن سکور نہ کرسکے جب کہ حیدر علی صرف 18 رنز بنا پائے۔ افتخار احمد 31 اور آصف علی نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
میچ کی آخری گیند پر محمد نواز نے 12 رنز پر اپنی وکٹ گنوائی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close