کراچی(پی این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی ٹیم آج بھارت کو شکست دے سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا مجھے نہیں لگتا کہ شاہین کی انجری نے پاکستانی ٹیم کو زیادہ نقصان پہنچایا بلکہ میں تو سمجھتا ہوں کہ اس انجری نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ہمیں اپنی بینچ سٹرینتھ کو آزمانے کا موقع فراہم کیا ہے۔
ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت میچ آج کھیلا جا رہا ہے جس میں شاہد آفریدی نے پاکستان کی جیت کی امید ظاہر کی ہے۔ شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہانگ کانگ کو یکطرفہ مقابلے میں شکست کے بعد پاکستان نے اپنا ردھم حاصل کر لیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پاک بھارت میچ میں پاکستان نے اچھا مقابلہ کیا تھا۔ پاکستانی ٹیم میں ساری کوالٹیز موجود ہیں اور وہ بھارت کو شکست دے سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں