کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر، کرکٹ آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی

میلبورن (پی این آئی) کرکٹ کےپاکستانی شائقین کے لیے ایک بڑی خبر آسٹریلیا سے آئی ہے جہاں سے کرکٹ آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے ٹیم کے اعلان کے ساتھ دورہ پاکستان کی تیاریوں کی تصدیق کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ وارنر اور میچل مارش سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل نہیں ہیں۔دونوں کرکٹرز دورہ پاکستان کی تیاری کی وجہ سے سیریز مس کریں گے کیوں کہ پاکستان کا دورہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے فوری بعد ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر اور دیگر اہم اسپورٹ اسٹاف بھی دورہ پاکستان کی تیاری کے لئے چھٹیاں لے گا۔یہ بھی خبر آئی ہے کہ اینڈریو میکڈونلڈ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہیڈ کوچ ہوں گے۔دوسری جانب آسٹریلیا کرکٹ ٹیم دورۂ پاکستان میں تینوں ٹیسٹ میچ ایک ہی وینیو پر کھیلنے کا خواہشمند ہے، اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا کی پی سی بی سے بات چیت جاری ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایک وینیو پر ٹیسٹ میچز کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے،

اس اقدام کی وجہ صحت اور سیکیورٹی ہے۔اب تک اطلاعات یہ ہیں کہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 3 مارچ سے کراچی میں شروع ہونا ہے جبکہ راولپنڈی اور لاہور بھی ٹیسٹ میچز کے وینیوز میں شامل ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز جبکہ ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close