تین سال تک ٹی ٹونٹی کے نمبر ون بیٹسمین بابراعظم نے ایک اور ریکارڈ بنا ڈالا

کراچی (پی این آئی ) پاکستان کے کپتان اور موجودہ نمبر 1 ون ڈے اور ٹی 20 بلے باز بابراعظم تین بار بہترین ٹی ٹونٹی بلے باز کے طور پر ایک سال مکمل کرنے والے واحد بلے باز بن گئے۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں شاندار سال گزارنے کے بعد پاکستان کے کپتان بابراعظم نے اپنے نام ایک انوکھا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ بلے باز ہر سال کے آخر میں تین بار ٹی ٹونٹی رینکنگ میں سرفہرست رہنے والے واحد بلے باز بن گیا۔

بابراعظم نے 2018ء، 2019ء اور 2021ء کا اختتام ٹاپ ٹی ٹونٹی بلے باز کے طور پر کرکے بھارت کے ویرات کوہلی اور آسٹریلین کپتان ایرون فنچ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ دونوں بلے باز بیٹنگ رینکنگ میں 2،2 بار سرفہرست رہے۔ ویرات کوہلی 2014ء اور 2016ء کے آخر میں درجہ بندی میں سرفہرست تھے جبکہ ایرون فنچ نے مختصر ترین فارمیٹ میں ٹاپ بلے باز کے طور پر 2015ء اور 2017ء کا اختتام کیا۔انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نے سال 2020ء کا اختتام ٹی ٹونٹی بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کے ساتھ کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بابراعظم جو بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز اور ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے پہلے 2 میچز میں رنز سکور نہ کرپانے کے باعث رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آ گئے تھے، نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں اپنی فارم دوبارہ حاصل کرتے ہوئے 52 گیندوں پر 79 رنز بنائے۔ اس شاندار کارکردگی نے بابراعظم کو ٹی ٹونٹی بیٹنگ رینکنگ میں دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں مدد کی۔ بابراعظم اس وقت انگلش کھلاڑی ڈیوڈ ملان کے ساتھ مشترکہ نمبر ایک بلے باز ہیں۔

close