ویرات کوہلی کا بڑا ریکارڈ پاش پاش، بابراعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

لاہور (پی این آئی ) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کم ترین اننگز میں 25 ٹی ٹونٹی نصف سنچریاں سکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں ۔ 27 سالہ بابراعظم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف تیسرے ٹی ٹونٹی مقابلے میں بابراعظم 53 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں سے مزین 79 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وہ اب تک 73 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 45.17 کی اوسط اور 129.12 کے سٹرائیک ریٹ سے 2620 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 25 نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل ہے۔

بابراعظم نے 68 ویں اننگز میں اپنی 25ویں نصف سنچری مکمل کی ،اس سے قبل سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 79 اننگز کھیل کر 25 نصف سنچریاں مکمل کی تھیں، روہت شرما نے 25 ففٹیز بنانے کے لیے 110 اننگز کھیلی تھیں۔ واضح رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 3 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مجموعی طور پر 14 چوکے اور 12 چھکے لگائے، برینڈن کنگ نے 43، بروکس نے 49 اور کپتان نکولس پوران نے 64 رنز بنائے۔محمد وسیم نے 2 جبکہ شاہنواز دھانی نے 1 وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے بیٹنگ کی تو ویسٹ انڈیز ٹیم کا دیا گیا 208 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر محمد رضوان نے 87 اور بابراعظم نے 79 رنز سکور کرکے ٹیم کو فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ فخر زمان نے 12 اور آصف علی نے 21 رنز بنائے۔

ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی جگہ شاہنواز دھانی اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔دوسری جانب کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے سبب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے درمیان ون ڈے سیریز کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ سیریز 6 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ملتوی کی گئی، پی سی بی اور ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، ویسٹ انڈیز کرکٹ سکواڈ آج رات واپس وطن روانہ ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز 18 دسمبر سے کراچی میں ہی شروع ہونی تھی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ تھی۔

close