کراچی (پی این آئی ) تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے شکست دیکر 0-1 کی برتری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کیلنڈر ایئر میں زیادہ کامیابیوں کا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے جب بیٹنگ شروع کی تو پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر کپتان بابراعظم کو اکیل حسین نے آئوٹ کردیا۔
فخرزمان نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 10 رنز بنائے اور ٹیم کا سکور 35 رنز تک پہنچایا۔ محمد رضوان نے 32 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ حیدرعلی نے بھی 28 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔شیفرڈ نے 16 ویں اوور کی پہلی گیند پر محمد رضوان کو آؤٹ کیا، جنہوں نے 52 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے۔جارح مزاج بلے باز آصف علی صرف ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ افتخار احمد 7 رنز کا اضافہ کر پائے ۔ حیدرعلی 39 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ محمد نواز نے صرف 10 گیندوں کا سامنا کیا اور 30 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ویسٹ انڈیز کو ہدف کے تعاقب میں دوسرے اوور میں برینڈن کنگ سے محروم ہونا پڑا، جب وہ محمد نواز کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔محمد وسیم نے 33 کے مجموعے پر پوران کی وکٹیں اڑا دیں،محمد وسیم نے اپنےدوسرےاوور میں ڈیوون تھامس کو بھی آؤٹ کردیا۔شاداب خان نے پہلی ہی گیند پر شے ہوپ کی وکٹ حاصل کی جنہوں نے سب سے زیادہ 31 رنز بنا ئے تھے۔ دسویں اوور کی چوتھی گیند پر شاداب نے اپنا دوسرا شکار کیا اور شمراہ بروکس کی 5 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پاکستان نے اس جیت کے ساتھ ایک سال میں سب سےزیادہ 18 ٹی 20 میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی بنالیا۔اس سے قبل قومی ٹیم نے سرفراز احمد کی قیادت میں 2018ء میں 17 کامیابیاں حاصل کی تھیں،سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے 2016ء میں 15 فتوحات حاصل کیں تھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں