کراچی(آئی این پی) معروف سماجی رہنما اور وکیل ایڈوکیٹ جبران ناصر گھر واپس پہنچ گئے انہیں ایک روز قبل ڈیفنس کے علاقے 26 اسٹریٹ توحید کمرشل کے قریب سے ویگو گاڑی میں سوار نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔اس حوالے سے جبران ناصر کی اہلیہ منشا پاشا کا ایک ویڈیو بیان بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں انھوں نے بتایا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر جبران ناصر رات کا کھانا کر کے واپس گھر جا رہے تھے کہ راستے میں ایک بڑی گاڑی سفید ویگو نے گاڑی کو روکا اور اس میں سوار 15 افراد جو کہ مسلح تھے اور وہ زبردستی میرے شوہر کو لیکر چلے گئے۔
جبران ناصر کی اہلیہ نے اپنے بیان میں اپیل کی ہے کہ میرے شوہر کے لیے آواز اٹھائی جائے اور دعا کریں کہ جبران ناصر واپس جلد گھر واپس آجائیں۔ جبران ناصر کے پی اے لک وکٹر نے بتایا کہ گاڑی میں سوار تمام افراد سادہ لباس تھے جبکہ واقعہ کی اطلاع مدد گار 15 پولیس کو دیدی گئی ہے۔اس حوالے سے کلفٹن تھانے میں جبران ناصر کی اہلیہ کی جانب سے واقعہ سے متعلق اور شوہر کی بازیابی کے لیے درخواست بھی جمع کرائی گئی۔دریں اثنا کلفٹن پولیس نے ایڈوکیٹ جبران ناصرکے اغوا کا مقدمہ اہلیہ منشا پاشا کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا جبکہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیا۔مدعیہ نے بیان دیا ہے کہ جمعرات کی شب وہ اپنے شوہر جبران ناصر کے ساتھ کھانا کھاکر واپس گھر جارہے تھے کہ راستے میں ویگو میں سوار 10 ۔15 مسلح افراد نے گھیرا اور میرے شوہر کو گاڑی سے اتار کر اغوا کرکے لے گئے واقعے کے فوری بعد میں نے 15 مددگار پولیس کو اطلاع دی۔پولیس نے کہا تھا کہ جبران ناصر کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور ان کے موبائل فون کی لوکیشن بھی حاصل کی گئی ہے اغوا کے کچھ ہی دیر بعد مغوی کا فون بند ہوگیا تھا اس کے باوجود سی سی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے تاکہ معلوم ہوسکے مغوی کو ملزمان کس راستے سے لے کر گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں