اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان کی معروف میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے پاکستان میں طلاق کی شرح بڑھنے کی کئی وجوہات بتائی ہیں۔نادیہ خان نے حال ہی میں ایک سوشل میڈیا پوڈ کاسٹ میں اس نازک موضوع پر گفتگو کی اور کہا آج کل شادیاں ٹوٹنے کی وجہ بے وفائی ہے کیونکہ اگر دیکھا جائے تو 90 کی دہائی میں کسی لڑکے کو کوئی لڑکی اچھی لگتی تھی تو اس کے لیے بہت مشکل ہوتا تھا کہ وہ اس لڑکی سے بات کرسکے۔جیو نیوز کے مطابق انہوں نے کہا آج کل سوشل میڈیا کے
دور میں یہ چیز بہت آسان ہوگئی ہے، لوگ ڈیٹ پر جاتے ہیں، گھروں میں چلے جاتے ہیں، پہلے ایسا نہیں تھا، اب لڑکوں کو اپنے ارد گرد بہت ساری لڑکیاں آرام سے مل جاتی ہیں، اسی لیے افیئر آسان ہوگئے ہیں، تو اس لیے انہیں اپنے گھر میں موجود بیوی سمجھ میں نہیں آتی اور انہیں اپنی بیوی سے بوریت ہونے لگتی ہے۔نادیہ خان نے مزید کہا کہ میں ایسی بہت سی لڑکیوں کو جانتی ہوں جن کے شادی شدہ مردوں کے ساتھ افیئرز ہیں اور مجھے یہ سب کچھ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے،
مرد جھوٹ بہت بولتے ہیں یہاں تک کہ گھر والوں سے چھپ کر دوسری شادیاں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں لڑکیاں بھی غلط ہیں ان کو اپنا ایک اصول ہونا چاہیے کہ اگر کوئی آدمی شادی شدہ ہے تو انہیں اس کے ساتھ کوئی رشتہ نہیں رکھنا چاہیے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ کچھ لڑکیوں کا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ کوئی پیسے والا بندہ مل جائے جو فوراً کوئی جائیداد ان کے نام کرے یا پھر بڑی رقم 3,4 کروڑ ان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروادے۔
نادیہ خان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ طلاق کی شرح بڑھنے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اب خواتین مالی طور پر آزاد ہیں، تو انہیں یہ مسئلہ نہیں ہوتا کہ طلاق کے بعد انہیں کون سنبھالے گا وہ اپنا خیال خود رکھ سکتی ہیں اس لیے اب وہ بھی کوئی غلط بات برداشت نہیں کرتیں۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اکیلے بچوں کو سنبھالنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ انسان کا دماغ تھوڑا الجھا ہوا ہوتا ہے، جب آپ کام پر ہوں
تو آپ کادھیان گھر کی طرف ہوتا ہے اور اگر آپ گھر پر ہوں تو آپ کو یہ فکر ہوتی ہے کہ آپ کو کام کرنا ہے کیونکہ بچوں کی ضرورتیں بھی پوری کرنی ہوتی ہیں۔نادیہ نے کہا کہ میری ذمہ داری دوہری تھی تو ظاہر ہے زندگی مشکل تھی، میں نےطلاق کے بعد اپنا مارننگ شو بھی اسی لیے چھوڑا تھا کیونکہ میرے بچوں کو میری ضرورت تھی لیکن دوسری شادی کے بعد اب زندگی بہت اچھی گزر رہی ہے۔واضح رہے کہ نادیہ خان نے 2 سال قبل 2021 میں فیصل ممتاز سے تیسری شادی کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں