پیٹرول 200 روپے لیٹر کیا جائے، مطالبہ کر دیا گیا

کراچی(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہر گز نہ کیا جائے اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کر کے 200روپے فی لیٹر مقرر کی جائے ۔سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے وڈیروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گیس کی قیمتیں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث گیس کا ایک بحران بھی موجود ہے جس کی وجہ سے نہ صرف صنعتی بلکہ گھریلو صارفین بھی مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں ۔

اس صورتحال میں نگراں حکومت کی طرف سے 173فیصد سے 193فیصد تک گیس کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات عوام کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں ۔ نگراں وفاقی کابینہ اس عوام دشمن فیصلے سے باز رہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے ، نگران حکومت نے حال ہی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی تو کی لیکن جتنی کمی ہونی چاہیئے تھی اتنی نہیں کی گئی اور دوسری طرف جو کمی کی گئی اس کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچا اشیاء صرف اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ۔ ان حالات میں اگر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو یہ عوام کے لیے کسی طرح بھی قابل برداشت نہیں ہو گا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔ بجلی ، گیس اور پیٹرول کی قیمتیں کم سے کم کی جائیں تاکہ مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان کو روکا جا سکے ۔ بجلی کے بھاری بلوں اور ان میں ٹیکسوں کی بھر مار نے بلوں کی ادائیگی عوام کے لیے مشکل کر دی ہے ،جب نگراں حکومت سے مطالبہ کیا جائے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کی جائے تو ان کایہ کہنا ہوتا ہے کہ ہمیں اس کا اختیار نہیں تو حکومت بتائے کہ قیمتیں بڑھانے کا اختیار کس نے دیا ہے اور پیٹرول کی قیمتیں جس تناسب سے عالمی منڈی میں کم ہو رہی ہیں ملک میں اسی تناسب سے ملک میں کم کیوں نہیں کی جارہی ہیں ؟۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close