اسرائیل کو نہ روکا گیا تو آگ و خون کا کھیل ہر طرف پھیل جائے گا، سراج الحق نے خبردار کر دیا

لاہور(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کے حکمران خواب غفلت سے جاگیں، غزہ کو بچانا ہوگا۔ اسلام آباد کا تاریخی غزہ مارچ پاکستانی قوم کا امریکہ کے لئے پیغام تھا، واشنگٹن صیہونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم کی سرپرستی بند کرے۔ امت مسلمہ بے چین ہے ،اسرائیل مہذب دنیا کے تمام قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے، اسے نہ روکا گیا تو آگ و خون کا کھیل ہرطرف پھیل جائے گا۔

مغرب و امریکا کی کئی حکومتیں اپنی عوام اور انسانی حقوق کے اداروں کی بھی نہیں سن رہے، اسرائیلی مظالم کے خلاف بولنے والوں کی زبان بندی کی جارہی ہے، مغربی میڈیا کا ظلم کے خلاف پروپیگنڈا جاری ہے۔ عالمی اسٹیبلشمنٹ ایسا کھیل نہ کھیلے جس سے دنیا کا امن برباد ہوجائے، مسلمانوں کا خون ارزاں نہیں۔ فلسطینی عوام گزشتہ ستر برسوں سے اپنا حق مانگ رہے ہیں، لاکھوں انسانوں کو قید نہیں رکھا جاسکتا۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے اتوار کوفلسطینی عوام سے اظہاریکجہتی کے لیے اور اسرائیل کی امریکی سرپرستی کے خلاف ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے مظاہرہ میں شرکت کرنے والے عوام اور خصوصی طور پر بچوں، خواتین اور بزرگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تحریک جاری رکھنے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور میں 19نومبر کو فلسطین ملین مارچ کابھی ا نعقاد کرے گی۔ انہوں نے قوم سے غزہ فنڈ میں عطیات جمع کرانے کی اپیل کی اورکہا کہ الخدمت فائونڈیشن پاکستانیوں کی طرف سے دیے جانے والی تمام امداد غزہ میں پہنچا ئے گی۔ امیر جماعت نے بعدازں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔سراج الحق نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک قرضہ اور مہنگائی کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔ نگران حکومت بھی سابقہ ادوار اور آئی ایم ایف کی پالیسیوں پرعمل پیرا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں آٹا، چینی، دالوں اور گھی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا، لوگوں کے لیے پیٹ پالنا مشکل، ہردوسرا تیسرا شخص پریشان اور ڈپریشن کا شکار ہے، بجلی گیس کے بلز، پٹرول ڈیزل کی قیمتیں، ادویات کے نرخ آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں، عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر باربار مسلط رہنے والی حکمران جماعتیں ایک دفعہ پھر اقتدار کی متلاشی ہیں، حقیقت یہ ہے کہ ان کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں، یہ امریکا کی طرف دیکھتے ، آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کے احکامات پر آنکھیں بند کرکے عمل پیرا ہوتے ہیں، ان کی وجہ سے ادارے کمزور ہوئے، لوگوں کو انصاف نہیں ملتا، احتساب کے ادارے ان کی خوشنودی پر چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین و قانون اور جمہوریت کی بالادستی قائم کرکے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے، ملک لوٹنے والوں کا کوئی ادارہ یا عدالت احتساب نہیں کرسکی، اب عوام ووٹ کی طاقت سے ہی ظالموں اور لٹیروں کا احتساب کرے، قوم نے سانپوں کو دودھ پلایا تو یہ اژدھے بن کر انہی کو ہی نگل لیں گے، ملک میں وسائل کی کمی نہیں، مسئلہ مس مینجمنٹ، سودی معیشت اور نااہل حکمران ہیں، ان مشکلات سے جان چھڑانا ہوگی، صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے، ہم ہی فلسطین و کشمیر اور مظلوم انسانوں کا مقدمہ عالمی سطح پر موثر اور جاندارطریقے سے لڑ سکتے ہیں، ہم نے ہرحال میں ملک و قوم کی خدمت کی ہے، امت اور پاکستانیوں کا کیس بہادرانہ طریقے سے لڑتے رہیں گے۔۔۔۔

close