آن لائن ایپلی کیشن کے ذریعے وارداتیں کرنے والا 6 رکنی گروہ گرفتار

کراچی (آئی این پی)شہر قائد میں آن لائن ایپلی کیشن کے ذریعے لوٹ مار کی وارداتیں کرنے والے 6 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان موبائل اور لیب ٹاپ خریدوفروخت کے بہانے شہریوں کو کسی جگہ بلاتے تھے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سرجانی ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آن لائن خرید و فروخت ایپلی کیشن کے ذریعے لوٹ مار کی سیکڑوں وارداتیں کرنے والے چھ رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ویسٹ مہزورعلی نے کہا کہ انتہائی مطلوب گروہ کا سرغنہ احتشام عرف آصف ڈان برگربھی شامل ہیں ، ملزمان سے 4 پستول ، 9 موبائل فون، ایک کار، ایک موٹرسائیکل اور نقدی برآمد کرلی ہے۔مہزور علی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں احتشام عرف آصف ڈان برگر، رمیز عرف راحیل،عمر، دانیال،سرفرازعرف فراز اور علی رضا شامل ہیں۔ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان اسٹریٹ کرائم، بینک ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں ، احتشام عرف آصف ڈان او ایل ایکس پر خواتین و مردوں کی جعلی آئی ڈی بناتا تھا اور موبائل، لیب ٹاپ خرید و فروخت کیبہانے شہریوں کو کسی جگہ بلایا جاتا، شہری جیسے ہی آتا ملزم ساتھیوں کی مدد سے لوٹ مار کرتا تھا۔انھوں نے کہا کہ واردات میں استعمال اسلحہ، رہائش، سواری احتشام آصف ڈان فراہم کرتا تھا، عادی ملزمان ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کو زخمی بھی کردیتے تھے۔مہزور علی نے مزید بتایا کہ ملزمان بینک سے رقم لانے والے، کوچنگ اور اسکولز کے باہر والدین کو بھی لوٹتیتھے تاہم گرفتارملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔۔۔۔

close