سندھ میں جعلی ٹریفک لائسنس بنائے والا گروہ بے نقاب، 3 ملزمان گرفتار، کون کون شامل؟

کراچی(آئی این پی)سندھ کے صرف ایک شہر شکارپور میں 27 ہزار جعلی ٹریفک لائسنس بنانے والا گروہ بے نقاب ہوگیا ایف آئی اے نے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔سندھ میں جعلی ٹریفک لائسنس بنانے والا گروہ بے نقاب ہوگیا اور صوبہ سندھ کے صرف ایک شہر شکارپور میں 27 ہزار جعلی ٹریفک لائسنس بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی لائسنس بنانے میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی آئی جی لائسنس برانچ تنویر عالم اوڈھ نے ایف ائی اے سائبر کرائم سرکل کو تحریری شکایت بھیجی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ شکارپور میں تین جعلی ویب سائٹس کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس بنائے جا رہے ہیں جو غیر قانونی ہے۔ درخواست میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ غیر قانونی طریقے سے شہریوں سے 10 ہزار روپے رقم بھی لی جا رہی ہے۔ترجمان ایف ائی اے کے مطابق ملزمان مذکورہ درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے سائبر کرائم سرکل سکھر نے شکارپور اور سکھر میں مختلف جگہوں پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 3 افراد کے گینگ کو گرفتار کیا تو ملزمان نے کئی اہم راز اگل دیے۔گرفتار ملزمان نے بتایا کہ وہ کئی سالوں سے یہ غیر قانونی کام کر رہے ہیں اور اب تک 27 ہزار سے زائد شہریوں کے جعلی ڈرائیونگ لائسنس بنا چکے ہیں۔ وہ رقم موبائل کیش کی صورت میں لیا کرتے تھے۔ترجمان کے مطابق گرفتار مبینہ ملزمان میں فہیم قمر، افتخار علی اور عمران علی شامل ہیں، جن کے قبضے سے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے ہیں۔ اور ان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان نے شکارپور ٹریفک پولیس کے نام سے جعلی ویب سائٹس بھی بنائی ہوئی تھیں اور اس کیس سے جڑے مزید افراد کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close