تاجر طبقہ میدان میں آ گیا، بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کے خلاف ہڑتال کا اعلان

کراچی / حیدرآباد(آئی این پی) بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کیخلاف ہڑتال کی کال پر تاجروں کی بڑی تعداد نے حمایت کردی، جبکہ کراچی میں مظاہرین نے شاہراہ بند کردی۔تفصیلات کے مطابق بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے سے ملک بھر کے عوام سراپا احتجاج ہیں، تقریباً تمام شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔اس حوالے سے حیدر آباد میں بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز پر ہڑتال کی کال دی گئی ہے تاہم پر اس معاملے پر تاجر تنظیموں کی مختلف آرا پائی جارہی ہیں۔

حیدر آباد چیمبر آف کامرس نے مکمل شٹر ڈاؤن یقینی بنانے کا اعلان کیا جس کے بعد ریشم بازار، کلاتھ مارکیٹ و چاندنی یونین بھی چیمبر آف کامرس کے ساتھ کھڑی ہوگئیں۔اس کے علاوہ سٹی بزنس فورم، میڈیسن مارکیٹ نے بھی کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا جبکہ چوڑی مارکیٹ، لوہا مارکیٹ اور پرنٹنگ انڈسٹری بھی ہڑتال کی حامی ہے اور لطیف آباد بزنس فورم، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی حمایت کردی۔ذرائع کے مطابق ہوٹل ایسوسی ایشن، شمع کمرشل نے بھی حیدر آباد چیمبر آف کامرس کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔دوسری جانب حیدرآباد تاجر اتحاد اور انجمن تاجران نے ہڑتال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں تاجر اتحاد اور اسمال چیمبر اینڈ انڈسٹریز کے درمیان مشاورت کی جارہی ہے۔علاوہ ازیں کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب بجلی کے اضافی بلز کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا مشتعل مظاہرین بجلی کے اضافی بلوں کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، احتجاج کے باعث روڈ بلاک کردیے گئے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ احتجاج بجلی کے بے انتہا بلوں کے خلاف کیا جا رہا ہے، احتجاج کی وجہ سے اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں