بجلی کے نرخوں میں ساڑھے 7 روپے اضافہ معیشت کو لے ڈوبے گا، پاکستان یارن مرچنٹس نے بجلی نرخوں میں اضافہ مسترد کر دیا

کراچی(آئی این پی)پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن ( پائما) کے سینئر وائس چیئرمین سہیل نثار نے بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اس اقدام کو کاروبار وصنعت کے لیے تباہ کن قرار دیا ہے۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر توانائی خرم دستگیر خان سے پُرزور اپیل کی کہ کاروبار وصنعت کو تباہی سے بچانے سے کے لیے بجلی نرخوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور ایسی پالسیاں مرتب کی جائیں جو کاروباری وصنعتی لاگت میں کمی کا باعث بنیں۔

سہیل نثار نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر توانائی خرم دستگیر خان سے اپیل میں کہا کہ زائد پیداواری لاگت کی وجہ سے کاروبار کرنا اور صنعتیں چلانا پہلے ہی انتہائی دشوارہے اور اب بجلی کے نرخوں میں ساڑھے 7روپے کا مزید اضافہ معیشت کو لے ڈوبے گا۔ حکومت ایک طرف معیشت کے استحکام، ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور کاروباری وصنعتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کی باتیں کرتی ہے لیکن دوسری طرف کاروبار وصنعت مخالف اقدامات کیے جارہے ہیں جس سے تاجر وصنعتکار برادری کاحکومت پر اعتماد کم ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملکی برآمدات مسلسل کم ہورہی ہیں اور غیر ملکی خریدار پاکستانی برآمدکنندگان کو آرڈرز دینے سے بھی کترا رہے ہیں کیونکہ انہیں یہ خدشہ ہے کہ پاکستانی برآمدکنندگان بروقت برآمدی آرڈرزکی ڈیلیوری نہیں دے پائیں گے جو کہ کسی حد تک درست بھی ہے کیونکہ صنعتوں کی پیداواری لاگت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے جبکہ بجلی، گیس کے نرخوں میں بے پناہ اضافے نے بھی پیداواری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر توانائی خرم دستگیر خان سے اپیل کی کہ کاروبار وصنعت کو تباہی سے بچانے کے لیے بجلی نرخوں میں اضافہ واپس لیا جائے تاکہ کاروباری وصنعتی سرگرمیاں بلارکاوٹ جاری رکھی جاسکیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close