سیلاب متاثرین کو گھر فراہم کرنے کیلئے کام کا آغاز ہو چکا ہے، صوبائی وزیر کا بڑا دعویٰ

کراچی(آئی این پی)صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو گھر فراہم کرنے کیلئے کام کا آغاز ہوچکا ہے، متاثرین کو گھروں کے مالکانہ حقوق بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں ایک بار پھر برسات شروع ہو گئی ہے، سندھ حکومت کراچی سمیت ہر اضلاع میں متحرک ہے اور ڈی واٹرنگ کا کام جاری ہے، کراچی کیلئے مزید مسافر بسیں آچکی ہیں، آج ہم شام تک نئے روٹس کو فائنل کرلیں گے، ہم ای وی بس سروس کے کچھ نئے روٹس شامل کرنے جا رہے ہیں، سمال ڈیمز حکومت سندھ کی جانب سے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں لوگ سیاست سیاست کھیل رہے ہیں، پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو سیاست سیاست نہیں کھیل رہی، ہم سیلاب متاثرین کو ان کا جائز حق دے رہے ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا تھا 21 لاکھ لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے، پیپلز پارٹی وہ واحد حکومت ہے جو لوگوں کو گھر فراہم کر رہی ہے، سیلاب متاثرین کو زمین کے مالکانہ حقوق اور پکے گھر فراہم کیے جا رہے ہیں۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ماضی میں دعوے کسی اور نے کیے تھے کہ 50 لاکھ گھر اور کروڑوں نوکریاں دوں گا، شفاف میرٹ کی بنیاد پر گھر فراہم کیے جا رہے ہیں، کسی سے یہ نہیں پوچھا جا رہا کہ تم ووٹ کس کو دیتے ہو، صرف یہ دیکھا جاتا ہے کہ کس کے گھر کا نقصان ہوا، کیا پاکستان کو مزید پولرائزیشن کی ضرورت ہے جو پی ٹی آئی نے کی؟، اس وقت لوگوں کو ضرورت ہے کہ ان کے زخموں پر کوئی مرہم رکھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر ہم وفاق میں حکومت میں بنائیں گے تو ہر صوبے میں اس طرح گھر بناکر دیں گے، کسی حکومت نے کوئی گھر بنا کر نہیں دیا، پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ لوگوں کے مسائل کیا ہیں، ملک کے خلاف دنیا میں سازشیں کرنا ملکی مسائل کا حل نہیں، 2018 میں دھاندلی کر کے چیئرمین پی ٹی آئی کو حکومت دی گئی، سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کو پکا پکایا کھانا فراہم کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں