حملوں کی دھمکی کے بعد سندھ میں مندروں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ

کراچی(آئی این پی) سندھ میں کچے کے ڈاکوں کی جانب سے مندروں پر حملوں کی دھمکی اور ضلع کشمور میں مندر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد آئی جی سندھ کے احکامات پر سندھ بھر کے تمام مندروں پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے احکامات پر سندھ میں مندروں کی سیکیورٹی کے لیے مختلف رینج،اضلاع کے ڈسپوزل پر 400 پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔

مذکورہ تمام پولیس اہلکار انتظامی بنیادوں پر سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے، مندروں پر تعینات تمام اہلکار دو ماہ کے لیے سیکیورٹی فرائض پر تعینات کیے جارہے ہیں۔آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ ہندو برادری مندروں پر سیکیورٹی فرائض پر مامور اہلکاروں سے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آباد اقلیتی برادری کا تحفظ بھی پولیس کی ذمہ داری ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی خاتون سیما حیدر کے چار بچوں کے ساتھ اپنے محبوب کے پاس بھارت چلے جانے کے بعد کچے کے ڈاکوں نے ویڈیو پیغام جاری کیے تھے جس میں سیما کے واپس نہ آنے کی صورت میں مقامی ہندوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close