ہتھنی کی ہلاکت، کراچی چڑیا گھر میں بڑی تبدیلیوں کا منصوبہ

کراچی(آئی این پی) ہتھنی نورجہاں کی ہلاکت کے حوالے سے کراچی کے چڑیا گھر میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ کرپشن کرنے والے عناصر پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں انتظامیہ کی سنگین غفلت اور لاپرواہی کے باعث 17 سالہ ہتھنی نورجہاں کئی روز بے بسی کے عالم میں رہنے کے بعد چل بسی تھی۔ہتھنی کی ہلاکت کے بعد متعلقہ حکام بالا نے مزید نقصانات سے بچنے کیلئے اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت چڑیا گھر میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ تبدیلیاں مسلسل شکایات کی بنیاد پرکی جارہی ہیں، فرائض بہتر طریقے سے سرانجام دینے والے 3ملازمین کو پہلے ہی زو میں تعینات کردیا گیا ہے۔ایسے افسران و عملے کو تلاش کیا جارہا ہے جو چڑیا گھر کو مزید بہتری کی جانب گامزن کرسکیں، جانوروں کو دی جانے والی خوراک میں کرپشن کو بے نقاب کرنے کیلئے بھی ٹیم لائی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور وزیربلدیات ناصرحسین شاہ بھی کراچی چڑیا گھر کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔متعلقہ اعلیٰ افسران کی جانب سے بلدیہ عظمیٰ انتظامیہ کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ ایک مہینے میں چڑیا گھر کی حالت زار کو درست کریں، لاہور چڑیا گھر کی مثال سامنے رکھتے ہوئے کراچی چڑیا گھر کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا۔یاد رہے کہ ہتھنی نورجہاں نے کراچی کیچڑیاگھر میں 14سال گزارے تھے، ہتھنی کی موت17سال تھی، اسے سال 2009میں تنزانیہ سے کراچی منتقل کیا گیا تھا جب اس کی عمر تین سال تھی، اس وقت 4ہاتھیوں کو کراچی منتقل کرنے میں شہری حکومت کے4کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے۔۔۔

close