راولپنڈی پولیس کے اہلکار معطل کر دیئے گئے، وجہ کیا بنی؟

راولپنڈی میں صحافیوں پر تشدد کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی خالد ہمدانی نے تشدد کے ذمہ دار اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تشدد کا نشانہ بننے والے صحافیوں کی شکایت کا ازالہ کریں گے۔ سی پی او خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ پولیس نے تحریک انصاف کے 110 کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔اس سے قبل انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عثمان انور نے صحافیوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا حکم دیا تھا۔

جیو نیوز کے رپورٹر حیدر شیرازی پر پولیس کی جانب سے تشدد کے بعد آئی جی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کا مسئلہ ابھی حل کر لیتے ہیں، آپ کو پتا ہے کہ آج مسئلہ بنا ہوا ہے، اس لیے ایسا ہوا ہوگا۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سی پی او راولپنڈی کو بتا دیا ہے ابھی یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ جیو نیوز کے رپورٹر حیدر شیرازی پر پنجاب پولیس نے شدید تشدد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا ہے، وہ اسلام آباد ٹول پلازہ پر تحریک انصاف کے احتجاج کو کور کر رہے تھے۔پولیس کے تشدد سے حیدر شیرازی شدید زخمی ہوگئے، ان کے سر اور منہ پر چوٹیں لگی ہیں۔حیدر شیرازی، رضوان شاہ، سمیت دیگر صحافیوں پر تشدد کیا گیا، پولیس نے صحافیوں سے موبائل فون لے لیے اور کچھ صحافیوں کو تھانے منتقل کر دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close