راولپنڈی کے مرغی فروش عدالت پہنچ گئے

راولپنڈی ( آئی این پی ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف مرزا نے آل راولپنڈی چکن ریٹیلرز ایسوسی ایشن اور ہول سیل چکن سپلائرز کی رٹ پیٹشن پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ڈی جی انڈسٹریز سے 5دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔ آل راولپنڈی چکن ریٹیلرز ایسوسی ایشن اور ہول سیلرز کی طرف سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ڈی سی راولپنڈی نے ریٹیلرز اور ہول سیلرز سے مشاورت کے بعد 22 جولائی 2023 کو چکن کا ریٹ مقرر کیا۔

جس کے مطابق سائلان چکن فروخت کررہے ہیں۔مگر اب اچانک ڈی سی راولپنڈی نے چیف سیکریٹری کی زبانی ہدایات پر چکن ریٹ میں یکطرفہ کمی کردی ہے اور دکانداروں اور پولٹری کا کاروبار کرنے والوں کو نقصان میں چکن فروخت کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔جس کی وجہ سے پولٹری انڈسٹری تباہ ہونے کا خدشہ ہے اور سارا شہر سراپا احتجاج ہے۔جس پر فاضل عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد چیف سیکرٹری حکومت پنجاب، ڈی جی انڈسٹریز اور ڈی سی راولپنڈی سے جواب طلب کرلیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں