انفارمیشن کمپلیکس راولپنڈی میں سرکاری افسران، اہلکاروں اور صحافیوں کو رعایتی نرخوں پر کھانا فراہم کرنے کی تجویز

راولپنڈی(آئی این پی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر نے راولپنڈی میں انفارمیشن کمپلیکس راولپنڈی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر اور صوبائی وزیر تعلیم منصور قاردر بھی موجود تھے۔ سنگ بنیاد کے موقع پر انکے ہمراہ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز راولپنڈی کے افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کو انفارمیشن کمپلیکس راولپنڈی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر عامر میر نے کہا کہ انفارمیشن کمپلیکس راولپنڈی ڈی جی پی آر کا پہلا فیلڈ آفس ہوگا جس کی اپنی سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت ہوگی اور میڈیا کی تمام جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی آر مستند اطلاعات کی ترسیل کا ذریعہ ہے اور اسکے فیلڈ آفیسز کو جدید سہولیات سے لیس کر کے عوام اور حکومت کے درمیان تعلق کومذید مظبوط کیا جا رہا ہے ۔ عامر میر نے کہا کہ اس وقت راولپنڈی انفارمیشن ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد میں میڈیا کیلئے بطور رابطہ کار دفتر کے کام کر رہا ہے اور پی آر کی جدید سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس نئی عمارت کے قیام سے وفاقی دارالحکومت کے نیشنل میڈیا سے ڈی جی پی آر کے روابط اور اطلاعات کی ترسیل کا عمل مذید تیز اور بہتر ہو گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ انفارمیشن کمپلیکس راولپنڈی میں ایک وسیع پریس کانفرنس ہال کے علاوہ سوشل میڈیا سٹوڈیو، نیوز روم اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ کا سسٹم بھی مہیا کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے تجویز پیش کی کہ انفارمیشن کمپلیکس راولپنڈی میں بننے والے کیفییٹریا کو نیشنل پریس کلب کے کیفے ٹیریا کے طرز پر چلایا جائے جہاں سرکاری افسران و ملازمین اور صحافیوں کو رعائتی نرخوں پر اعلی کوالٹی کا کھانا فراہم کیا جائے۔ صوبائی وزیر عامر میر کو بتایا گیا کہ انفارمیشن کمپلیکس راولپنڈی کے پہلے مرحلہ کا تخمینہ 100 ملین روپے اور اس کی تعمیر روان مالی سال کے دوران کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ پبلک ریلیشنز کے افسران نے صوبائی وزیر سے مطالبہ کیا کہ اس منصوبہ کے اگلے مرحلہ میں افسران اور اہلکاروں کیلئے رہائشی فلیٹس کا بھی بندوست کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں