آر ڈی اے نے اڈیالہ روڈ کی غیر قانونی ہاسنگ سکیم کے مالکان کو نوٹس جاری کر دیا

راولپنڈی(آئی این پی)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے موضع اڈیالہ، اڈیالہ روڈ راولپنڈی میں غیر قانونی نجی ہاسنگ سکیم روز ویلی کے مالکان ظفر مشتاق، شرجیل احمد اور حارث افتخار کو نوٹسس جاری کر دیے۔آر ڈی اے ترجمان نے کہا کہ ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای آر ڈی اے نے مذکورہ غیر قانونی ہاسنگ سکیم کے خلاف ڈیمولیشن آرڈر بھی جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ہاسنگ سکیم کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرادی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سپانسرز کو بھی فوری طور پر متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاسنگ سکیم کی مارکیٹنگ کو فوری طور پر روک دیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای کو بھی ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی اشتہارات اور مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی کی جائے اور دیگر غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے مالکان کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرادی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر عوام الناس کو اپنے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر مجاز ہاسنگ سکیموں میں کسی قسم کی سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہاسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آر ڈی اے سے چیک کریں۔ اسے آرڈی اے ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے مالکان اور سپانسرز اشتہارات کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پلاننگ ونگ آر ڈی اے نے سائبر کرائم ونگ، ایف آئی اے سے بھی درخواست کی ہے کہ ان غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے غیر قانونی اور گمراہ کن اشتہارات کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ان کے گھپلوں میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا جرائم غیر قانونی ہاسنگ سکیم کے مالکان کی طرف سے کیے گئے ہیں اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاسنگ سکیم رولز 2021 کے قاعدہ 37 کے تحت بھی قابل توجہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی ڈویلپمنٹ پر جرمانہ، جب تک نادہندہ رہے گا جاری رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں