راولپنڈی (آئی این پی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج راولپنڈی میں نالہ لئی کا دورہ کیا اور کٹاریاں برج کے قریب نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نالہ لئی کے اردگرد آبادیوں کا بھی جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیں۔ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو نالہ لئی میں پانی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ 23 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے، تمام ادارے الرٹ رہیں۔ ڈی واٹرنگ پمپس اور ہیوی مشینری مکمل چالو حالت میں ہوں، تمام متعلقہ عملہ ڈیوٹی پر موجود رہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں قریبی آبادیوں سے لوگوں کا انخلاء پہلی ترجیح ہونی چاہیئے۔ کمشنر راولپنڈی نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں 205 ملی میٹر بارش ہوئی، نالہ لئی کے کناروں سے پانی باہر نہیں آیا۔کٹاریاں کے مقام پر پانی کی زیادہ سے زیادہ سطح 19 فٹ جبکہ گوالمنڈی پر 16 فٹ رہی۔دونوں مقامات پر ہائی الرٹ 20 فٹ پانی کی سطح پہنچنے پر جاری کیا جاتا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی بارش کے باوجود راولپنڈی کی انتظامیہ نے اچھا کام کیا ہے، ان کی حوصلہ افزائی کیلئے آیا ہوں۔ گزشتہ روز 205 ملی میٹر بارش ہوئی، راولپنڈی میں نالوں کی صفائی پر تقریباً 12 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ انتظامیہ نے نالہ لئی کے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ لی ہے۔ کوشش ہوگی کہ یہ منصوبہ شروع کیا جائے تاکہ نالہ لئی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو سکے۔انہو ں نے کہا کہ نالوں کے اردگرد تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور جاری رہے گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ راولپنڈی سمیت پنجاب کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتو ں کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ بعض ہسپتالوں کیلئے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں اور ایک ہفتہ تک تمام ہسپتالوں کو فنڈز فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے دیگر منصوبوں کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کریں گے۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر، راولپنڈی کے آر پی او، سی پی او، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں